آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’واڈکا کی سب سے مہنگی بوتل‘ چوری ہو گئی
ڈنمارک میں پولیس دنیا کی سب سے مہنگی سمجھی جانے والی واڈکا کی چوری کی تفتیش کر رہی ہے جس کی قیمت تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔
یہ بوتل سونے اور چاندی سے بنی ہوئی تھی اور اس کے ڈھکن خول دار ہیرے کا تھا اور اسے کوپن ہیگن کی ایک بار میں ادھار رکھا گیا تھا جہاں مختلف قسم کی واڈکا کی بوتلیں نمائش کے لیے رکھی ہوئی ہیں۔
اس بار کے مالک برائن انگبرگ کا کہنا ہے کہ یہ بوتل معروف ٹی وی شو ہاوس آف کارڈز میں بھی دکھائی گئی تھی۔
سی سی ٹی وی سے دیکھا گیا ہے کہ ایک شخص روسو بالٹیک واڈکا کو اٹھاتا ہے اور بار سے باہر بھاگ جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ منگل کی علی الصبح آنے والے یہ چور تالا توڑ کر داخل ہوا یا اس کے پاس چابی تھی۔
کیفے 33 بار کے مالک برائن انگبرگ نے نشریاتی ادارے ٹی وی ٹو کو بتایا کہ انھوں نے یہ بوتل لیٹویا میں قائم ڈرٹز موٹر کمپنی سے ادھار لی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ گذشتہ چھ ماہ سے میری جمع کی ہوئی بوتلوں کا حصہ تھی لیکن اب ایسا نہیں رہا۔‘
اس بارے میں خیال ہے کہ روس کی لگژری گاڑیاں بنانے والی کمپنی روسو بالٹیک نے اپنی کمپنی کے قیام کے سو سال پورے ہونے پر یہ واڈکا تیار کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بوتل کا سامنے والا حصہ چمڑے سے سجا ہوا تھا اور روسو بالٹیک گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ریڈی ایٹر گارڈ کی نقل بھی اس پر لگی ہوئی تھی۔
اس کا ڈھکن روسی شاہی عقاب کی شکل کا تھا اور اس میں ہیرے جڑے ہوئے تھے۔
برائن انگبرگ کا کہنا تھا کہ یہ بوتل ہاوس آف کارڈز کی ایک قسط میں روسی صدر کی جانب سے ان کے امریکی ہم منصب کو تحفے کے طور پر پیش کی گئی تھی۔
دوسری جانب گاڑیاں بنانے والی کمپنی ڈرٹز کے بانی لیونارڈ ینکیلووچ نے بی بی سی بتایا کہ وہ پرامید ہے کہ انھیں یہ بوتل واپس مل جائے گی۔