آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ہاکنگ کے تھیسِس کی آن لائن اشاعت، یونیورسٹی کی سائٹ کریش کر گئی
عالمی شہرت یافتہ سائنسدان پروفیسر سٹیون ہاکنِگ کے پی ایچ ڈی تھیسِس کی آن لائن اشاعت کے کچھ ہی دیر بعد اس کی مقبولیت کی وجہ سے کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کریش کر گئی۔
تھیسس کی اشاعت کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر 60 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اس سائٹ کا رُخ کیا جس کے نتیجے میں ویب سائٹ کریش کر گئی۔
یہ بھی پڑھیے
75 سالہ سٹیون ہاکنگ کا تھیسِس 'پراپرٹیز آف دی ایکسپینڈِنگ یونیورس' یعنی 'پھیلتی ہوئی کائنات کی خصوصیات' انھوں نے 1966 میں کیمبرج یونیورسٹی کے فِزکس کے شعبے میں اپنی پی ایچ ڈی کے لیے مکمل کیا تھا۔
کیمبرج یونیورسٹی لائبریری کے مطابق ان کے پاس آنے والی درخواستوں میں اسی تھیسِس تک رسائی کی درخواست ہی سرِ فہرست ہیں۔
اس کی مانگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے تقریباً ڈیڑھ سال میں اس تھیسس کے لیے لائبریری کو 199 درخواستیں ملی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر جس اشاعت کی دخواستیں ہوئیں وہ صرف 13 تھیں۔
سٹیون ہاکنگ کے تھیسس تک رسائی کی بیشتر درخواستیں محققین کی جانب سے نہیں بلکہ عوام کی طرف سے تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس 134 صفحات پر مشتمل تحقیق کی یونیورسٹی لائبریری کی سائٹ پر آن لائن اشاعت پیر 22 اکتوبر کی صبح کی گئی، اور اب اس تک رسائی مفت ہے جبکہ لائبریری میں جا کر اس کو نکلوانے یا سکین کرنے کے لیے 65 پاؤنڈ کی رقم درکار تھی۔
عوامی ردعمل اور دلچسپی پر پروفیسر ہاکنگ نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ اس سے لوگوں میں سائنس اور تحقیق کا جذبہ بڑھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ بہت ہی اچھی خبر ہے کہ اتنے لوگوں نے میری تھیسِس کو ڈاؤن لوڈ کرنا چاہا ہے۔ اب بس میری خواہش ہے کہ ان کو مایوسی نہ ہو اسے پڑھ کر۔'
کیمبرج یونیورسٹی کی پروفیسر لورین کیڈوالیڈر نے بتایا کہ انھوں نے جب پروفیسر ہاکنگ کے سامنے اس تھیسس کو عام کرنے کی تجویز رکھی تھی تو وہ فورً اس پر راضی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر ہاکنِگ نے ایک بڑی اچھی مثال قائم کی ہے اور ان کو توقع ہے کہ دوسرے پروفیسر اور محققین بھی اسی طرح سے اپنا کام ویب پر شائع کریں گے تاکہ ہر شخص کو ان کی تحقیق تک رسائی ہو۔