بہو کی پٹائی کے لیے ساس سُسر کا آٹھ ہزار میل کا سفر

امریکی ریاست فلوریڈا کی پولیس کے مطابق ایک انڈین ساس سُسر نے اپنی بہو کو 'تمیز' سکھانے کے لیے آٹھ ہزار میل کا سفر کیا۔

66 سالہ جسبِیر کلسی اور ان کی 62 سال کی بیوی بھُپِندر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ہِلسبرو کاؤنٹی میں مقیم اپنے بیٹے دیوبیِر کی بیوی کو 'نصیحت کرنے اور تمیز' سکھانے کے لیے پنجاب سے گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بہو سِلکی گائند کے والدین کی جانب سے پیغام ملنے پر جب ایک پولیس والا وہاں پہنچا تو سِلکی کے جسم پر پٹائی کے نشان اور نیل پڑے ہوئے تھے۔

ان کے شوہر اور ساس سُسر کو زدوکوب سمیت کئی الزامات کا سامنا ہے۔

سُسر پر بہو کے گلے پر چھری رکھنے کا الزام بھی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جب پولیس وہاں پہنچی تو ابتدائی طور 33سالہ سِلکی اور ایک سالہ بیٹی کو ان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

سِلکی گوئند نے اتوار کے روز عدالت میں سماعت کے دوران کہا کہ انھیں اپنے شوہر سے خطرہ ہے۔

بے نیوز نائن کے مطابق انھوں نے عدالت کو بتایا کہ'میں بہت ڈری ہوئی ہوں کیونکہ پچھلی رات اس نے ٹیلی فون پر دھمکی دی تھی کہ اگر میں نے پولیس کو بتایا تو وہ مجھے قتل کر دے گا اور پھر خودکشی کر لے گا۔'

ملزمان پر زدوکوب، حبسِ بیجا میں رکھنے اور مدد کے لیے پولیس تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔