امریکہ میں جہاز ٹکراتے ٹکراتے بچے

سان فرانسسکو کے ہوائی اڈے پر ائیر کینیڈا کا طیارہ لینڈنگ سے قبل نیچے موجود دوسرے طیارے سے فقط 30 میٹر کے فاصلے پر جا پہنچا تاہم حادثے سے بال بال بچ گیا۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں عملے کے پانچ اراکین سمیت 140 مسافر سوار تھے۔

چند روز قبل ہی ٹورونٹو سے آنے والی فلائیٹ اے سی 759 بھی ٹیکسی وے پر موجود چار طیاروں سے ٹکرانے اور ممکنہ حادثے سے بچ گیا۔

یہ واقعہ سات جولائی کو اس وقت پیش آیا تھا جب پائلٹ 'لاپروائی' کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرواز کے لیے تیار کھڑے طیاروں کے قریب ترین پہنچ گئے تھے۔

اس موقعے پر انھیں اوپر ہی رہنے کو کہا گیا اور وہ فضا میں ہی چکر لگانے کے بعد محفوظ لینڈنگ میں کامیاب ہوئے۔

کینیڈا کے ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جیسے ہی طیارہ ٹیکسی وے کے قریب پہنچا، جو رن وے کے متوازی ہوتا ہے، تو اندازہ لگایا گیا کہ وہ پرواز کے لیے تیار کھڑے طیارے سے فقط 30 میٹر ہی دور تھا۔

وارننگ ملنے کے بعد پائلٹ نے اپنے طیارے کو تیسرے طیارے سے تقریباً 60 میٹراور چوتھے سے 90 میٹر کی بلندی تک اوپر اٹھایا۔

بورڈ کی رپورٹ کے مطابق فلائیٹ اے سی 759 پہلے ہی ٹیکسی وے پر 400 میٹر تک موجود تھی۔

پائلٹ کی کامیاب کوشش کے نتیجے میں مسافر اور عملہ حادثے اور نقصان سے بچ گیا۔

طیارے نے مقامی وقت کے مطابق شب 11 بج کر 23 منٹ پر لینڈنگ کرنی تھی تاہم پھر وہ 12 بج کر 11 منٹ پر اترا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ٹیکسی وے پر موجود چار طیاروں میں کتنے افراد موجود تھے۔