آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ ہسپتال میں داخل
بکنگھم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کو گذشتہ رات 'احتیاطی اقدام' کے طور پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
بکنگھم پیلس نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کو پہلے سے لاحق ایک بیماری کی وجہ سے ہونے والے انفیکشن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
شاہی محل کے مطابق پرنس فلپ کی صحت اب بہتر ہے۔
ملکہ برطانیہ اپنے سرکاری فرائض بدستور سر انجام دیتی رہیں گی اور بدھ کو برطانوی پارلیمان سے خطاب کریں گی۔
اس تقریر میں اگلے دو سال کے لیے حکومت کی قانون سازی کے پروگرام کا ذکر ہو گا جس پر بریگزٹ حاوی رہے گا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے منگل کی صبح جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی علالت کے بعد اب پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس ملکہ برطانیہ کے ہمراہ پارلیمان جائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپ نے ملکۂ برطانیہ کے ہمراہ پارلیمان نہ جانے کو 'مایوس کن' قرار دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بکنگھم پیلس کے مطابق ملکۂ برطانیہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق بدھ کی دوپہر رائل اسکوٹ میں شرکت کریں گی۔
خیال رہے کہ 96 سالہ پرنس فلپ کے بارے میں بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس سال موسمِ خزاں میں اپنی شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
شاہی محل کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہزادہ فلپ اگست تک پہلے سے طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے لیکن اب کوئی نیا دعوت نامہ قبول نہیں کریں گے۔
شہزادہ فلپ 780 سے زائد تنظیموں کے سرپرست، رکن اور صدر ہیں۔ وہ ان تنظیموں سے وابستہ تو رہیں گے لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد سرگرم نہیں رہیں گے۔