سویڈن: سٹاک ہوم میں گاڑی نے لوگوں کو کچل دیا، تین افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں مقامی میڈیا کے مطابق ایک گاڑی نے کم از کم تین افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
پولیس نے کہا کہ اس واقعے میں متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کوین سٹریٹ پر پیش آیا جو شہر کا معروف بازار ہے جہاں لوگ پیدل چلتے ہیں۔
عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انھوں نے ایک ٹرک کو ایک ڈیپارٹمینٹل سٹور کی کھڑکی توڑتے دیکھا۔ اس کے علاوہ انھوں کئی لوگوں کو زمین پر پڑے دیکھا ہے۔
ایک عینی شاہد لائف ارنمار نے ایس وی ٹی وی کو بتایا: ’وہاں مکمل انتشار کا عالم ہے۔ میں نے نہیں جانتا کہ کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں، بہت سے لوگ صدمے کی حالت میں ہیں۔‘
گذشتہ ماہ لندن میں ایک شخص نے راہگیروں کو گاڑی چڑھا کر کئی لوگوں کو ہلاک و زخمی کر ڈالا تھا۔





