شمالی کوریا نے سمندر میں میزائل داغ دیا

امریکہ اور جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنی مشرقی بندرگاہ سنپو سے جاپان کے سمندر میں ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے مطابق میزائل نے 60 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا یہ تازہ ترین تجربہ ہے جس کے بارے میں اس کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے تاہم مغرب کو خدشہ ہے کہ یہ اس کے جوہری ہتھیار تیار کرنے کے پروگرام کا حصہ ہے۔

یہ تجربہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے کہ جب چین کے صدر امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔

چینی صدر اپنے دورے کے دوران اپنے ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں میزائل اور جوہری ہتھیاروں کے دیگر تجربات بھی کیے ہیں جس سے خطے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے حال ہی میں اپنے دورۂ جنوبی کوریا کے دوران کہا تھا کہ شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی بھی 'ایک آپشن ہے' یعنی ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 'سٹریٹیجک برادشت ' کی پالیسی کا خاتمہ ہو چکا ہے اور امریکہ اب سفارتی، سکیورٹی اور اقتصادی اقدامات جیسے نئے پہلوؤں پر غور کر رہا ہے۔