آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
متحدہ عرب امارات میں ’شادی کے بغیر جنسی تعلقات پر جوڑا گرفتار‘
متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے ایک مرد اور ان کی یوکرین سے تعلق رکھنے والی منگیتر کو شادی کے بغیر جنسی تعلقات قائم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 29 سالہ ایملن کلورویل اور 27 سالہ ایرینا نوا کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایرینا پیٹ میں درد کے باعث ڈاکٹر کے پاس گئی تو طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ وہ حمل سے ہیں۔
اس پر دونوں کو گرفتار کر لیا گیا کیونکہ متحدہ عرب امارات میں شادی کے بغیر جنسی تعلق قائم کرنا غیر قانونی ہے۔
ایملن کلورویل کی والدہ نے دونوں کی رہائی کی التجا کرتے ہوئے کہا ہے کہ' دونوں نے واحد غلطی یہ کی کہ انھیں پیار ہو گیا۔'
نیوز 24 کے مطابق جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ جوڑے کی مدد کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ یہ متحدہ عرب امارات کے مقامی قوانین کا معاملہ ہے۔
جوہانبسرگ میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق جنوبی افریقہ کی حکومت نے جوڑے سے کہا ہے کہ وہ قانونی مدد حاصل کریں۔
ابھی تک متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کلورویل اور نوا کو جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم دونوں کی گرفتاری کی خبر اب سامنے آئی ہے۔
کلورویل متحدہ عرب امارات میں گذشتہ پانچ برس سے ملازمت کر رہے تھے۔
ان کی والدہ لینڈا نے نیوز 24 کو بتایا ہے کہ دونوں کو پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم ان سے پیار کرتے ہیں اور انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
انھوں نے بتایا کہ حکام نے ابھی تک ان پر فردِ جرم عائد نہیں کی اور تاحال ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاہم قصوروار ہونے کی صورت میں انھیں لمبی عمر قید ہو سکتی ہے۔