آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چین شمالی کوریا سے ناراض، کوئلے کی درآمد معطل
شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ میزائل ٹیسٹ کے بعد چین نے شمالی کوریا پر دباؤ ڈالنے کے لیے وہاں سے کوئلے کی درآمد معطل کر دی ہے۔
چینی حکام کے مطابق یہ پابندی رواں سال کے آخر تک قائم رہے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ چین نے شمالی کوریا سے آنے والی کوئلے کی ایک کھیپ کو واپس بھیج دیا تھا۔
چین شمالی کوریا کا واحد اتحادی ہے اور کوئلے کی درآمد پر پابندی سے وہ شمالی کوریا کے جوہر پروگرام کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں پر مکمل عمل درآمد کے قریب آگیا ہے۔
کوئلے کی برآمدگی شمالی کوریا کی کمزور میعشت کے لیے اہم سہارا ہے۔
ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ چین نے کوئلے کی درآمد پر پابندی شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کے قتل کے چند روز بعد لگائی ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ ’کِم جونگ اُن‘ کے بھائی ’کِم جونگ نام‘ کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر شمالی کوریا کے مبینہ جاسوسوں نے زہر دے کر قتل کر دیا تھا۔
’کِم جونگ نام‘ نے اپنے خاندان سے قطع تعلق کر رکھا تھا اور وہ چین کے زیرِ انتظام علاقے مکاؤ میں مقیم تھے، جہاں ان کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ چین کی حکومت کی حفاظت میں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شمالی کوریا کے حوالے سے مغربی ممالک اور امریکہ کا خیال ہے کہ چین شمالی کوریا پر لگائی گئی پابندیوں کے حوالے سے تعاون کرکے ان پابندیوں کو مزید موثر بنا سکتا ہے۔
حال ہی میں امریکہ کے صدر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ چین کا شمالی کوریا پر مکمل کنٹرول ہے اور شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری پروگرام کے حوالے سے جو مسائل ہیں انھیں حل کرنے میں چین کو اپنا کردار اد کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے چین کی جانب سے ’مسئلے‘ کو حل نہ کرنے کی صورت میں چین سے تجارت کو مشکل بنانے کی دھمکی بھی دی تھی۔