امریکہ نے وینزویلا کے نائب صدر پر پابندیاں عائد کر دیں

امریکہ نے وینزویلا کے نائب صدر طارق العیسمی پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر پا بندیاں عائد کر دیں ہیں۔

طارق العیسمی کا نام دنیا کے بڑے منشیات کے سمگلروں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

طارق العیسمی کو گذشتہ ماہ وینزویلا کے صدر نیکلس مدورو نے نائب صدر مقرر کیا تھا۔

نائب صدر کے علاوہ کاروباری شخصیت سمرک لوپیز پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ امریکہ کے مطابق لوپیز طارق العسیمی کے ’فرنٹ مین‘ ہیں۔

طارق العیسمی ماضی میں ان الزامات کی ترید کر چکے ہیں تاہم سمرک لوپیز کی جانب سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اِن پابندیوں کے تحت طارق العیسمی کے امریکہ داخلے پر پابندی ہو گی اور ان کے امریکہ میں موجود اثاثے بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔

امریکی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا کے نائب صدر ملک سے بڑی مقدار میں منشیات سمگل کرنے میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

بیان میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ طارق ایک اور جرائم پیشہ شخص سے رقوم بھی لیتے رہے ہیں۔

امریکی وزارتِ خزانہ کے مطابق نائب صدر پر پابندیوں کا فیصلہ تفصیلی تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ امریکہ منشیات کے سمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ ہے۔

خیال رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں امریکی کانگرس کے 34 ممبران نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خط لکھا تھا جس میں وینزویلا کے بعض حکام پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔