آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
صومالی ہوٹل پر الشباب کا خودکش حملہ اور فائرنگ، متعدد افراد ہلاک
صومالیہ کے ایک سینیئر وزیر کے مطابق دارالحکومت موغادیشو میں واقع دایاہ نامی ہوٹل پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس ہوٹل میں کئی اراکینِ پارلیمان بھی قیام پذیر تھے اور شدت پسند گروپ الشباب نے حملے کے ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
صومالیہ کے وزیرِ سکیورٹی عبدالرزاق عمر محمد کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے چار حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی نے ایک پولیس اہلکار میجر محمد احمد کا بیان جاری کیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ: 'دو خودکش حملوں کے باعث سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں سمیت اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 12 افراد زخمی ہیں۔'
انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اموات کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
عینی شاہدین نے کہا کہ بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی ہوٹل کے اندر گھس گئی اور پھر وہاں فائرنگ شروع ہو گئی۔
پہلے دھماکے کے بعد ایک اور گاڑی میں دھماکہ ہوا جس سے باہر جمع افراد بھی زخمی اور ہلاک ہوئے۔
پولیس کے افسر کرنل عبدی قادر حسین نے روئٹرز کو بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے ہوٹل کی عمارت کو محفوظ کر لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا: 'ہم نے ہوٹل میں موجود لوگوں کو بچا لیا ہے اور ریسکیو آپریشن ختم ہو گیا ہے۔ ہمارے اہلکار ہوٹل میں موجود ہیں اور ہم مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں کچھ دیر میں بتایئں گے۔'
دایاہ ہوٹل موغادیشو میں صدارتی محل سے ایک میل کے فاصلے پر واقع ہے اور ارکانِ پارلیمان اور اہم مہمان اسی ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں اس وقت الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں۔