آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی انٹیلی جنس کے سربراہ نے الزامات مسترد کردیے: ٹرمپ
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ نے انھیں کہا ہے کہ ان خبروں کی 'تردید' کریں کہ روسی انٹیلی جنس کے پاس ان کے بارے میں قابل اعتراض مواد موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ غیرمصدقہ دعوے 'جھوٹ اور من گھڑت ہیں۔'
تاہم نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جیمز کلیپر نے بدھ کو کہا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دیا کہ کیا وہ دستاویزات قابل اعتبار ہیں یا نہیں۔
جیمز کلیپر کا مزید کہنا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ امریکی انٹیلی جنس ایسے دعوؤں کے افشا ہونے کی ذمہ دار ہے۔
انٹیلی جنس اداروں کے مطابق یہ دعویٰ اس قدر متعلقہ ہیں کہ ان کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر براک اوباما کو وضاحت کی گئی تھی۔
بدھ کو نومنتخب صدر کی حیثیت سے اپنی پہلی نیوز کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر امریکی انٹیلی جنس ادارے بریفنگ کے بارے میں لیک کے ذمہ دار ہیں تو یہ ان وقار پر 'دھبہ' ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پہلی پریس اس پس منظر میں کر رہے تھے جب امریکی میڈیا میں ایسی خبریں چل رہی ہیں کہ روسی خفیہ اداروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ذاتی طور پر زیر کرنے والا مواد حاصل کر لیا ہے جس میں ان کے کاروباری معاملات کے علاوہ ان کی عیاشیوں کی ویڈیو بھی شامل ہیں۔
انھوں نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسی خبریں کہ روسی خفیہ اداروں کے پاس کچھ ایسا مواد موجود ہے جو ان کے لیے شرمساری کا باعث بن سکتا ہے، بالکل 'جعلی' اور 'فرضی' ہیں اور کچھ 'ذہنی مریضوں' نے انھیں اکٹھا کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نومنتخب صدر کی پریس کانفرنس کے دوران زیادہ تر سوالات روس کی مبینہ ہیکنگ کے حوالے سے تھے۔