آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹرمپ کو اقتدار کی پرامن منتقلی یقینی بنائی جائے: براک اوباما
امریکہ صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ انتخابات جیتنے کے بعد جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کی ہے، اس سے انھیں حوصلہ ہوا ہے اور یوں سارا ملک بطور صدر مسٹر ٹرمپ کی کامیابی کے لیے ’بھرپور کوشش‘ کرے گا۔
صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی ٹیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار کی پر امن منتقلی یقینی بنائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار کیا براک اوباما نے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد بدھ کو واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے باغ میں کیا۔
انھوں نے اشارہ دیا کہ ان کے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بہت زیادہ تفریق ہے۔ ٹرمپ نے گذشتہ آٹھ برسوں میں اوباما کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی منسوخی کا وعدہ کیا تھا۔
براک اوباما کی جانب سے ووٹروں کو تنبیہ کی گئی تھی کہ اگر ٹرمپ صدر بن گئے تو تمام اقدامات پر پانی پھر جائے گا۔
انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکبار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم سب امریکہ کی بہتری چاہتے ہیں۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اہم بات یہ ہے کہ ہم سب تمام شہریوں کے ساتھ نیک نیتی کے جذبے سے آگے بڑھیں۔'
براک اوباما نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ امریکہ کا ناقابلِ یقین سفر آگے بڑھے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر اوباما نے تمام ڈیموکریٹس سے استدعا کی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد اپنی مایوسی کو پس پشت ڈال کر کامیاب انتقالِ اقتدار کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کے حق میں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے ایک سخت مہم چلانے کے بعد براک اوباما کہنا تھا کہ ’ہم سب اب مل کر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور ملک کو چلانے کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں۔‘
براک اوباما نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ اقتدار کی منتقلی بہتر انداز میں ہو کیونکہ آخر کار ہم ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔‘