 | | | فیڈرر اس برس اپنی فارم برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں |
ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا اولمپکس ٹینس مقابلوں میں انفرادی طور پر سونے کا تمغہ جیتنے کا خواب اس وقت ادھورا رہ گیا جب وہ مردوں کے سنگل مقابلوں میں امریکہ کے جیمز بلیک کے ہاتھوں شکست کھا کر اولمپکس سنگل ٹینس مقابلوں سے باہر ہو گئے۔ جیمز بلیک نے فیڈرر کو کوارٹر فائنل مقابلے میں سٹریٹ سیٹس میں چھ۔چار اور سات۔چھ سے شکست دی۔ یہ نواں موقع تھا کہ عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر کے کھلاڑی جیمز بلیک اور راجر فیڈرر کسی ٹینس میچ میں مدِمقابل تھے اور جیمز بلیک پہلی مرتبہ فیڈرر کو نیچا دکھانے میں کامیاب رہے۔ راجر فیڈرر نے میچ کے دوران متعدد غلطیاں کیں اور اس شکست کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ان کے لیے اسی ماہ ہونے والے یو ایس اوپن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا آسان نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ اس برس ٹینس مقابلوں میں فیڈرر قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ہیں اور اس پیر کو وہ عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن بھی کھو بیٹھیں گے۔پیر کو جب تازہ ترین رینکنگ جاری ہو گی تو سپین کے رافیل ندال عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن جائیں گے۔ |