انگلش اکیڈمی: مشتاق کی مانگ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد کو انگلینڈ کی قومی کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ کی پیشکش ہوئی ہے لیکن وہ اپنی گھریلو مصروفیات کے سبب یہ ذمہ داری نبھانے کے لئے تیار نہیں۔ مشتاق احمد نے جو اس وقت کاؤنٹی کرکٹ کے سلسلے میں انگلینڈ میں ہیں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی قومی کرکٹ اکیڈمی موسم سرما میں کام کرتی ہے ۔ وہ کاؤنٹی سیزن کے بعد جو وقت ملتا ہے اپنے بچوں کے ساتھ گزارنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں لہذا وہ یہ پیشکش قبول نہیں کرسکتے۔ مشتاق احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے موجودہ کوچ پیٹر مورس نے کئی بار ان سے کہا ہے کہ انگلینڈ کی اکیڈمی آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ چند روز قبل سسیکس کاؤنٹی کے کوچ نے بھی ان سے یہی بات کی لیکن فیملی مصروفیات کے سبب ان کے لئے سردیوں میں واپس انگلینڈ آکر تین چار ماہ اکیڈمی میں کام کرنا مشکل ہے۔ مشتاق احمد نے کہا کہ یہ پیشکش ان کے لئے اعزاز ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ آپ میں کتنا ٹیلنٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سسیکس کاؤنٹی نے انہیں کھلاڑی کے ساتھ ساتھ پہلے ہی اسسٹنٹ کوچ کی اضافی ذمہ داری دے رکھی ہے اور ہر کھلاڑی ان سے خوش ہے اور ان کے تجربے سے سیکھنا چاہتا ہے ۔ مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی انہوں نے اپنی ذمہ داری ایمانداری سے نبھائی یہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی بتاسکتا ہے کہ انہیں اس ذمہ داری سے کیوں الگ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد وہ فٹ ہوکر انہوں نے چار کاؤنٹی میچز کھیلے جن میں تیرہ وکٹیں حاصل کیں لیکن پیر مڑ جانے کے سبب وہ اسوقت کرکٹ سے دور ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ جلد ہی فٹ ہوکر وہ دوبارہ سسیکس کاؤنٹی کی نمائندگی کرسکیں گے۔ مشتاق احمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کو خارج ازامکان قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً وقت کے ساتھ ساتھ کھلاڑی کی فٹنس پر اثر پڑتا ہے لیکن وہ ابھی بھی خود کو فٹ محسوس کررہے ہیں اور اس کھیل سے ان کی دلچسپی میں کمی نہیں آئی ہے۔ واضح رہے کہ انگلش کاؤنٹی سسیکس ان کی شاندار بولنگ کے سبب 2003ءاور2006ء میں کاؤنٹی چیمپئن بن چکی ہے۔2003ء میں مشتاق احمد نے سیزن میں سو سے زائد وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ مشتاق احمد نے کہا کہ دانش کنیریا کا زبردست دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ انہیں زیادہ رنز دینے والا بولر قرار دیتے ہیں وہ غلطی پر ہیں کیونکہ اکثر ان سے غیرضروری طور پر بہت لمبی بولنگ کرائی جاتی ہے۔ خاص کر کسی بھی لیگ سپنر کو لمبی بولنگ دی جائے گی تو بیٹسمین اس پر سیٹ ہوجائے گا۔لوگ اس حقیقت کے بجائے اعداد وشمار کو ہی دیکھتے ہیں۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||