محمد یوسف، نیا نام نیا عزم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیائے کرکٹ کے لئے محمد یوسف ایک نیا نام ہے جنہیں کچھ دن پہلے تک یوسف یوحنا کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انضمام الحق کے بعد وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے قابل بھروسہ بیٹسمین ہیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل دونوں طرز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرچکے ہیں۔ محمد یوسف نے آٹھ سال قبل ٹیسٹ کریئر کی ابتدا زمبابوے کے خلاف کی اور انہیں شائقین اور مبصرین کی توجہ حاصل کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ انہیں ظہیرعباس کی طرح کلائی کا استعمال کرکے اپنی بیٹنگ کو خوبصورت بنانے والے بیٹسمین سے تعبیر کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے دورے میں دو سنچریوں کے بعد انہوں نے یہی کہانی ناصرحسین کی ٹیم کے خلاف ہوم سیریز میں دوہرائی۔ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف انہوں نے ڈبل سنچریاں بنائیں جس کے بعد زمبابو ے ۔ بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف بھی ان کی سنچریاں ان کے ریکارڈ کو بھرپور بناتی رہیں لیکن معترضین یہ بھی کہتے رہے کہ محمد یوسف کی بڑی اننگز پاکستان کو جیت سے ہمکنار کرنے یا شکست سے بچانے میں اپنا موثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں خصوصا ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں وہ ایسے وقت میں اپنی وکٹ گنوادیتے رہے ہیں جب جیت قریب ہوتی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ میں محمد یوسف سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہےاور اسے امید ہے کہ انضمام الحق اور یونس خان کے ساتھ محمد یوسف کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہوگا۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||