آسٹریلوی بلے بازوں کو جرمانہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے دوران غیر مناسب رویے کا مظاہرہ کرنے پر آسٹریلوی کھلاڑیوں رکی پونٹنگ اور سائمن کیٹچ پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کے طور پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ کو ملنے والی پانچ ہزار دو سوپاؤنڈ میچ فیس کا پچھہتر فیصد منہا کر لیا جائے گا جبکہ سائمن کیٹچ کو میچ فیس کے نصف کے برابر جرمانہ کیا گیا ہے۔ رکی پونٹنگ نے میچ کے چوتھے دن رن آؤٹ ہونے کے بعد برطانوی ڈریسنگ روم کی جانب اشارے کیے تھے۔ انہیں آئی سی سی کے قانون کی شق C 2 کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔ سائمن کیٹچ کو امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے کے الزام میں شق نمبر دو اعشاریہ دو کے تحت سزا دی گئی ہے۔
میچ کے اختتام پر رکی پونٹنگ نے ایک بیان میں اپنے رویے پر معافی طلب کر لی تھی۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ’ میں نے اپنے رویے سے ان لوگوں کو مایوس کیا جو مجھے ایک رہنما مانتے ہیں اور اس کیے لیے میں معذرت خواہ ہوں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ میری جھنجھلاہٹ کی وجہ ایک متبادل فیلڈر کا مجھے رن آؤٹ کرنا تھا۔ یہ وہ معاملہ ہے جس پر ہمیں تشویش ہے اور اس سیریز سے قبل بھی ہم اس معاملے کو اٹھا چکے ہیں‘۔ پونٹنگ نے کہا کہ ’ میں اپنی وکٹ گرنے سے مایوس تھا کیونکہ وہ میچ کا ایک اہم موڑ تھا اور اس مقام پر پہنچنے کے لیے میں نے بہت محنت کی تھی‘۔ یاد رہے کہ رکی پونٹنگ کو برطانوی ٹیم کے متبادل کھلاڑی گیری پریٹ نے میچ کے تیسرے دن رن آؤٹ کیا تھا اور اس کے نتیجے میں آسٹریلیا کو 1988 کے بعد پہلی مرتبہ فالو آن کا شکار ہونا پڑا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||