BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 24 January, 2005, 11:02 GMT 16:02 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
عامر، جونیئر سکواش چیمپئن

پاکستان کی جونیئر سکواش ٹیم
پاکستان اب تک بارہ میں سے گیارہ مرتبہ ایشین جونیئرچیمپئن شپ جیت چکا ہے
پاکستان کے نوجوان کھلاڑی عامراطلس نے چنئی بھارت میں ہونے والی بارہویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی ہے۔

فائنل میں انہوں نے میزبان بھارت کے تجربہ کار کھلاڑی سورو گھوسل کو چار گیمز کے سخت مقابلے میں شکست دے دی اس طرح ایشین جونیئر کا اعزاز پاکستان کے پاس ہی رہا جو اب تک بارہ میں سے گیارہ مرتبہ ایشین جونیئرچیمپئن شپ جیت چکا ہے۔

ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں پاکستان نے اس مرتبہ نسبتاً نئے کھلاڑی بھیجے تھے تاکہ انہیں بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ مل سکے۔ ان میں عامراطلس سے زیادہ توقعات تھیں جو پوری ہوئیں اور انہوں نے گزشتہ سال کے برٹش اوپن جونیئر چیمپئن سورو گھوسل کو9-1، 4-9 ، 9-3 اور 9-3 سے زیرکر لیا۔

عامراطلس گزشتہ دو تین برس سے جونیئر مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ گزشتہ سال انہوں نے برٹش اوپن کا انڈر 15 ایونٹ جیتا تھا جس کے بعد وہ اسلام آباد میں کھیلی گئی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے۔ اگر وہ مصر کے رامی آشور کو ہرادیتے تو ورلڈ جونیئر ٹائٹل 22 سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان کے پاس آجاتا کیونکہ دوسرے سیمی فائنل کے دونوں کھلاڑی پاکستان کے خالد اطلس اور یاسربٹ تھے لیکن آشور جنہوں نے کوارٹرفائنل میں فرحان محبوب کو شکست دی تھی سیمی فائنل میں عامر کو ہرایا اور پھر فائنل میں یاسربٹ کو بھی زیرکرتے ہوئے انہوں نے پاکستانیوں کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔

عامراطلس سابق عالمی چیمپئن جان شیرخان کے بھتیجے ہیں شاید یہ اسی کا اثر ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی دانش اطلس اور دو دیگر کزن فرحان محبوب اور وقارمحبوب کےساتھ برٹش اوپن جونیئر کے تربیتی کیمپ میں قومی جونیئر کوچ رحمت خان کی نگرانی میں ٹریننگ کرنے سے انکار کردیا اور پشاور میں جان شیرخان کے ساتھ ٹریننگ کو ترجیح دی۔ جس پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے پہلی مرتبہ جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے ان چار کھلاڑیوں کو برٹش اوپن جونیئر کے منتخب کردہ اسکواڈ سے خارج کردیا۔ یوں عامراطلس کو اپنے بڑوں کی غلطی کی سزا بھگتنی پڑی۔

ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں عامر اطلس کی جیت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ جونیئر کھلاڑی کوچ رحمت خان کی نگرانی میں محنت کرکے مطلوبہ نتائج دے رہے ہیں۔ اس کے برعکس سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان نظرآرہا ہے۔ عام خیال یہی ہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے جن توقعات کے ساتھ جمشید گل کو ملائیشیا سے بلا کر سینئرکوچ مقرر کیا ہے وہ تاحال پوری نہیں ہوسکی ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد