عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  راشد لطیف |
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف پر عائد پابندی میں نرمی کرتے ہوئے اسے چھ ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دیا ہے جو ستائس دسمبر کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد راشد لطیف ہر سطح پر سلیکشن کے لئے دستیاب ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران مبینہ طور پر غیر معیاری وکٹ کے سبب جاری رکھنے سے انکار پر راشد لطیف پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی تھی اور پندرہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا جس پر راشد لطیف نے سابق جج ملک محمد قیوم کو اپنا وکیل مقرر کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بھیجا تھا جس میں پابندی ختم کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ گزشتہ چند روز سے پاکستان کرکٹ بورڈ راشد لطیف سے مستقل رابطے میں تھا۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے راشد لطیف سے ملاقات بھی کی جس کے دوران راشد لطیف نے ان سے کہا تھا کہ پابندی عائد کرتے وقت ضروری تقاضے پورے نہیں کئے گئے جس پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ |