کرکٹ بورڈ الزامات پر خاموش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے معاملات کی چھان بین کرنے والی سینٹ کی سٹیڈنگ کمیٹی کے رکن سینیٹر انور بیگ کے انگریزی روزنامے میں چھپنے والے حالیہ الزامات کا جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا عباس زیدی نے بی بی سی کو کہا کہ پی سی بی کے اہلکار تمام الزامات اور سوالوں کا جواب سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کو دیں گے اور وہ اخبارات میں بیانات کی جنگ لڑنا نہیں چاھتے۔ عباس زیدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے اپنا مؤقف ہمیشہ سٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا اور اب بھے سٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے ہی پیش کیا جائے گا۔انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ اخبارات میں کیا شائع ہو رہا ہے۔ انگریزی روزنامے میں شائع ہونے والے انٹرویو میں سینیٹر انور بیگ نے الزام لگایا کہ پی سی بی کے معاملات میں بد عنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔ سینیٹر انور بیگ نے اس انٹرویو میں کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ پی سی بی میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں اور پی سی بی کے سابق خازن محمد نعیم کے اخبارات میں چھپنے والے حالیہ الزامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان مالی بے ضابطگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے معاملات کو قومی احتساب بیورو نیب کے سپرد کیا جائے۔ پی سی بی کے سابق خازن محمد نعیم نے س سال مئی میں پی سی بی کو چھوڑ دیا تھا۔ پیر کے روز انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے دوران دی گئی مفت ٹکٹوں کے بارے میں عوام کو گمراہ کیا۔ان ٹکٹوں کی قیمت لاکھوں میں ہے۔ سینیٹر انور بیگ نے اس انٹرویو میں اعادہ کیا کہ پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو رمیض راجہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔ سینیٹر انور بیگ نے یہ بھی الزام لگایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شہر یار خان نے سٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ پی سی بی کا آئین اگست تک بن جائے گا پھر انہوں نے آئین کی تکمیل کے لیے اکتوبر کی تاریخ دی اور اب جبکہ آدھا دسمبر بھی گزر چکا آئین کے بننے کے آثار دور دور تک نہیں۔ سینیٹر انور بیگ نے مزید کہا کہ پی سی بی کے چئر مین نے اب تک پاکستان ٹیم کے غیر ملکی کوچ باب وولمر کے ساتھ معاہدے کی کاپی بھی کمیٹی کو پیش نہیں کی ان سب باتوں سے مجھے دھاندلی کی بو آتی ہے۔ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات کی جانچ کے لیے تین اجلاس ہو چکے ہیں اس کا چوتھا اور آخری اجلاس اٹھارہ دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس کے بعد ان اجلاس کے نتائج پر مبنی رپورٹ حکومت کو ضروری کارروائی کے لیے پیش کر دی جائے گی۔ اس اجلاس میں چئرمین شہر یار خان پی سی بی کے سینير اہلکار عباس زیدی کے علاوہ سابق خازن محمد نعیم کو بھی بلایا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||