جیمی ڈاؤر،ہا کی کے بہترین کھلاڑی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور میں ورلڈ ہاکی فیڈریشن کی صدر وان ایلس بریڈا نے اس سال کے ہاکی کے بہترین کھلاڑی اور بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے ناموں کا اعلان کیاہے۔ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ آسٹریلیا کے جیمی ڈاؤر کو ملا۔جیمی ڈاؤر نے ایتھنز اولمپکس کے فائنل میں ہالینڈ کے خلاف گولڈن گول سکور کیا تھا۔آسٹریلیا کے فارورڈ جیمی ڈاؤر اپنا ایوارڈ لینے کے لیے خود موجود نہ تھے کیونکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے حفاظتی نقطہء نظر سے اس چمپئینز ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ جیمی کا ایوارڈ آسٹریلیا کے سابق کوچ رک چارلس ورتھ نے وصول کیا۔جیمی نے آسٹریلیا سے فون پر ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچ کا شکریہ اداکیا۔ سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا ایوارڈ سپین کے سینٹی آگو فریکزا کو ملا۔وہ یہ اعزاز حاصل کر کے بہت خوش تھے انہوں نے بھی اپنی ٹیم اور کوچ کا شکریہ ادا کیا۔ ورلڈ ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ خود کھلاڑیوں نے ان کھلاڑیوں کو ایوارڈ کے لیے چنا۔ایف آئی ایچ کے مطابق ایک سو آٹھ ووٹوں میں سے پچاسی ووٹوں کو درست قرار دیا گیا اور ان پچاسی ووٹوں میں سے سینتالیس فیصد ووٹ جیمی نے حاصل کیے۔ اس ایوارڈ کے لیے پاکستان کے سہیل عباس اور سابق کپتان محمد ندیم بھی نامزد ہوئے تھے۔مبصرین کے مطابق سہیل عباس اس ایوارڈ کے زیارہ حقدار تھے کیونکہ انہوں نے اس سال نہ صرف سب سے زیادہ گول کرنے کا پال لٹجن کا عالمی ریکارڈ توڑا بلکہ وہ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ اور ایتھنز اولمپکس میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی تھے۔ اس ضمن میں ایف آئی ایچ کی صدر وان ایلس بریڈا کا مؤقف تھا کہ یہ فیصلہ خود کھلاڑیوں کا ہے اور جیمی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر یہ انتخاب صحیح لگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||