سہیل عباس نے پھر جتا دیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پینلٹی کارنر لگانے کے ماہر سہیل عباس کے دو گولوں کے سبب پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا اپنا دوسرا میچ ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے جیتنے میں کامیاب ہوا۔ پہلے ہاف کا کھیل قدرے سست رہا خاص طور پر پاکستانی کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہ کر پائے اور اس کا خمیازہ انہیں نیوزی لینڈ سے ایک گول کھا کر بھگتنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کا یہ گول سینتیسویں منٹ پر ملنے والے دوسرے پینلٹی کارنر پر اس کے کھلاڑی ریان نے کیا۔ پہلا ہاف ختم ہونے پر نیوزی لینڈ ایک گول سے جیت رہاتھا۔ پاکستان نے میچ کے آخری پچیس منٹ میں کافی بہتر کھیل پیش کیا۔ میچ کے انچاسویں منٹ میں شکیل عباسی نے مدثر علی کے پاس پر فیلڈ گول کر کے نیوزی لینڈ کا گول اتار دیا۔ اس موقع پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے گول پر حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں پاکستان نے بانوے منٹ میں میچ کا دوسرا پینیلٹی کارنر حاصل کیا اور سہیل عباس نے بال گول پوسٹ میں پھینک کر پاکستان کو برتری دلا دی۔ دو منٹ بعد پاکستان نے تیسرا پینیلٹی کارنر حاصل کیا اور اس پر بھی سہیل عباس نے گول کر کے پاکستان کی برتری کو مستحکم کیا اور یہ برتری میچ ختم ہونے تک قائم رہی۔ یہ گول کر کے سہیل عباس کے چمپئنز ٹرافی میں اکتیس گول ہو گئے اور وہ سب سے زیادہ گول کرنے والے آسٹریلیا کے مارک ہیگر کے ریکارڈ کے قریب ّپہنچ گئے ہیں۔مارک ہیگر نے چمپئنز ٹرافی میں بتیس گول کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے تین اور نیوزی لینڈ نے دو پینلٹی کارنر حاصل کئے۔ پاکستان کے کپتان وسیم احمد نےمیچ کے بعد تسلیم کیا کہ اگرچہ پاکستان نے میچ کے دوسرے ہاف میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم مجموعی طور پر ان سے اچھا کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے گول کرنے کے کافی مواقع ضائع کیے۔ اس میچ کو جیت کر پاکستان نے چھ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں جبکہ ہالینڈ اور سپین کی ٹیمیں بھی اپنے اپنے میچ جیت کر چھ چھ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ پیر کو چمپئنز ٹرافی میں آرام کا دن ہے۔ منگل کو پاکستان اپنا ایک اہم میچ ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ منگل کو سپین اور نیوزی لینڈکا مقابلہ ہو گا اور بھارت کی ٹیم عالمی چیمپئن جرمنی سے کھیلے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||