’پاکستان میں نہیں کھیلیں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آسٹریلیا نےچار سے بارہ دسمبر کو لاہور کے ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری برگیڈیر ریٹائرڈ مسرت اللہ خان نے بتایا کہ آسٹریلین ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا ہے جس کی ایک کاپی انہیں بھی بھیجی ہے۔ اس خط میں آسٹریلین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے معذوری کا اظہار اس بناء پر کیا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کے خدشات ہیں اور ان کی حکومت نے انہیں پاکستان نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔ آسٹریلیا اولمپکس جیتنے کے بعد دنیائے ہاکی کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔ اولمپکس کے دوران ہی یہ باتیں گردش کرنے لگیں تھیں کہ آسٹریلیا پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کرے گا اور گو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آسٹریلیا کے لیے شرکت کرنے کی تصدیق کرنے کی حتمی تاریخ کو بڑھا بھی دیا تھا اور ایک خبر کے مطابق آسٹریلین ہاکی فیڈریشن نے اس پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا تاہم نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات، آخر کار آسٹریلیا نے شرکت نہ کرنے کا اپنا فیصلہ سنا دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری برگیڈیئر مسرت اللہ کا کہنا ہے کہ انہیں آسٹریلیا کے اس فیصلے سے بہت شدید مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ٹورنامنٹ نہیں بلکہ انٹرنیشنل ہاکی فیدریشن کا ٹورنامنٹ ہے اور ہم صرف اسے آرگنائز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے ایسا کر کے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی برتری کو چیلنج کیا ہے۔ مسرت اللہ نے کہا کہ اس ضمن میں ایف آئی ایچ کو اہم قدم اٹھانے پڑیں گے۔ انہیں چاہیے کہ جو ملک ایف آئی ایچ کے شیڈیول ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کرے اسے سزا دی جائے۔اس کے پوائنٹس کاٹیں جائیں اور عالمی درجہ بندی میں ان کی پوزیشن کم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھلاڑیوں کی حفاظت کا مکمل انتظام کیا ہے اور سکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات تو آج کل ہر ملک میں ہو رہے ہیں اور صرف پاکستان کو اس کے لیے غیر محفوظ ٹھہرانا درست نہیں۔ برگیڈئر مسرت اللہ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والے باقی تمام ممالک جن میں ہالینڈ، جرمنی، سپین، اور نیوزی لینڈ شامل ہیں اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے نکل جانے کے بعد درجہ بندی کے حساب سے بھارت کا نمبر ہے۔ البتہ اس ضمن میں ایف آئی ایچ کا فیصلہ آنا باقی ہے لیکن غالب امکان ہے کہ اب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والا چھٹا ملک بھارت ہو گا۔ یاد رہے کہ سنہ 2001 میں بھی چیمپئنز ٹرافی پاکستان ہونا تھی تاہم گیارہ ستمبر کے واقعے کے بعد شریک ملکوں نے یہاں آنے سے انکار کر دیا اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو یہ ٹرافی ہالینڈ منتقل کرنا پڑی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||