سہ فریقی سیریز، پاک ٹیم کا اعلان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے30 ستمبر سے زمبابوے اور سری لنکا سے ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی عمل میں نہیں آئی صرف اوپنر عمران فرحت ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے۔ البتہ طویل غورو خوض کے بعد وکٹ کیپر معین خان اور فاسٹ بولر محمد سمیع کو ٹیم میں شامل رکھاگیا ہے اگرچہ وہ اس سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ بازیدخان، راؤافتخار اور مصباح الحق سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ بازیدخان جو پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹائلش بیٹسمین ماجد خان کے بیٹے ہیں پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں اوپنر کے طور پر کھلایا جائے گا۔ مصباح الحق پہلے بھی ٹیم میں ان آؤٹ ہوتے رہے ہیں۔ پاکستان اے کے دورۂ کینیا میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ تیزبولر راؤافتخار بھارت کے خلاف سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل تھے لیکن انہیں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ ڈومیسٹک سیزن میں اور پاکستان اے کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے اب تک قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے والے عمران فرحت اس سال اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اورآخری چھ میچوں میں صرف 114 رنز بناسکے ہیں جس میں کوئی بھی نصف سنچری شامل نہیں۔ معین خان اور محمد سمیع کی ٹیم میں شمولیت پر طویل غوروخوض کے بعد عمل میں آئی ہے۔ معین خان نے اس سال 21 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں انہوں نے19 کیچز اور3 اسٹمپڈ کیے لیکن بیٹنگ میں وہ اس کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے جس کی ان سے توقعات کی جارہی تھیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں دو نصف سنچریاں بنانے کے بعد ان کی بیٹنگ کا گراف نیچے چلا گیا اور وہ بھارت کے خلاف ایک نصف سنچری بنانے کے بعد رنز کی تگ ودو میں مصروف رہے۔ معین خان نے اس سال 333 رنز بنائے ہیں لیکن آخری9 اننگز میں ان کے رنز کی تعداد صرف 74 ہے۔ محمد سمیع کو ٹیم میں رکھا جانا غیرمتوقع فیصلہ ہے کیونکہ بقول مبصرین حالیہ میچوں میں انہوں نے ٹیم کو وکٹیں نہیں دیں۔ بھارت کے خلاف پانچوں ون ڈے میچوں میں ان کی بولنگ پر پچاس سے ستر رنز بنے۔ اس کے بعد بھی وہ دوسرے اینڈ سے وکٹیں لے کر شعیب اختر کو سپورٹ کرنے والے بولر کا کردار ادا کرنے سے قاصر رہے۔ دو دوسرے کھلاڑی ِِِیاسر حمید اور عبدالرزاق بھی حالیہ میچوں میں قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھاسکے ہیں لیکن ٹیم سے باہر ہونے سے بچ گئے۔ یاسرحمید ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے کمزور اٹیک کے خلاف سنچری کے بعد9 میچوں میں بری طرح ناکام رہے ہیں اسی طرح عبدالرزاق آخری 11 میچوں میں 22ء33کی بھاری اوسط سے صرف9 وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔ پاکستان کے پندرہ کھلاڑی یہ ہیں: انضمام الحق، یوسف یوحنا، معین خان، شعیب اختر، عبدالرزاق، یونس خان، شاہدآفریدی، محمد سمیع، یاسرحمید، شعیب ملک، رانا نویدالحسن، مصباح الحق، سلمان بٹ ،ۙ راؤ افتخار اور بازیدخان۔ سہ فریقی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||