BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 19 September, 2004, 13:55 GMT 18:55 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پاک بھارت میچ، شائقین کی دلچسپی

News image
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ کو بڑی دلچسپی سے دیکھا گیا۔ لاہور میں اتوار کا دن ایسا گزرا جب دوپہر کے بعد گلی محلوں میں خلاف معمول بچے بڑے کرکٹ کھیلتے نظر نہیں آئے۔

لوگوں نے گھروں میں توٹی وی اور ریڈیو پر میچ دیکھا اور سنا ہی گلیوں بازاروں میں بھی پان سگریٹ کی اکا دکا کھلی دکانوں کے سامنے اور چھوٹے ریستوارنوں میں لگے ٹی وی ریڈیو پر لگے میچ سننے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔

شاہراہ فاطمہ جناح پر سڑک کے کنارے میز رکھ کر لوگوں کی شیو بنانے والے ایک حجام نے بھی اپنے اوپن ائیر حجام خانے کے میز پر ایک چھوٹا ریڈیو رکھا ہوا تھا۔

شاہ فرید پارک ملتان روڈ کے رہائشی فرید سمیع کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ میچ کسی جنگ سے کم نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں پاکستان نے بھارت کو بہت تھوڑے سکور پر بک کر دیا ہے لیکن وہ ڈرے ہوئے ہیں کیونکہ جب بھارتی کم سکور کرتے ہیں تو پھر وہ پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بھی مصیبت میں ڈال دیتے ہیں ۔

ایک طالبعلم عمار ملک نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ میچ کوایک طرح کی جنگ ہی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ پاکستان یہ میچ جیت جائے گا۔

اسلم نے بھارت کی جیت پر دس ہزار روپے داؤ پر لگائے تھے وہ اب ریورس شرط لگا کر رقم محفوظ کرنا چاہتے تھے لیکن ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ریٹ گرتا ہی جا رہا ہے ان کا خیال تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ شروع ہوگی تو شاید کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر شاید اچھا ریٹ مل جائے ۔

اسلام آباد سے اعـجاز مہر کے مطابق جناح سپر مارکیٹ میں پان کی دوکان، بک شاپ اور بعض دیگر دکانیں کھلی ہوئی ہیں جن پر کہیں چھوٹے بلیک اینڈ وہائٹ چائنہ کے بنے ہوئے ٹی وی کہیں ریڈیو پر میچ دیکھا اور سنا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پشاور موڑ کے علاقے میں اتوار کے روز لگائے جانے والے خصوصی بازار یعنی’اتوار بازار‘ میں خریداری کے لیے آنے والے کئی لوگوں کے کانوں سے ریڈیو لگا ہوا تھا۔ جبکہ فٹ پاتھ پر الیکٹرانکس کا سامان بیچنے والے بھی ریڈیو سن رہے ہیں اور ایسے لگ رہا ہے کہ انہیں گاہکوں سے زیادہ فکر میچ کا تھا۔

کراچی سے عروج جعفری کے مطابق پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں جب برمنگھم ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں تو کراچی والوں کا کہنا تھا کہ ہم کو امید ہے کہ پاکستان آج اپنا لوہا منوا کے رہے گا۔ کیونکہ ہمارے تیز بولر بھی فارم میں ہیں اور موسم بھی ایسا ہے کہ وکٹ ہمارا ساتھ دے گی۔

اور اس پر سب سے اہم بات یہ کہ سچن ٹنڈولکر نہیں کھیل رہے ہیں۔ لیکن جب میچ شروع ہوا اور پاکستان کی ٹیم کے بجائے بھارتی ٹیم بلے بازی کے لیے میدان میں اتری تو کراچی والوں کا جوش پہلے چند لمحوں کے لیے کم ہوا۔ کیونکہ پاکستانی شائقین کا خیال تھا کہ پاکستان جب بھی پہلے بلے بازی کرتا ہے تو اس کے لیے جیت مشکل نہیں ہوتی۔ لیکن رنز کا ٹارگٹ پورا کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔

شاید یہی وجہ تھی کہ جب کراچی کے علاقے صدر میں نوجوان کرکٹ میچ دیکھنے کے بجائے سہ پہر میں خود کرکٹ کھیلتے نظر آئے۔ پوچھنےپر پتہ چلا کہ انہیں بھارتی بیٹنگ میں دلچسپی کم ہے اور پاکستانی ٹیم کے میدان میں اترنے کے بعد ہی میچ دیکھیں گے۔

اس مقامی ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جب ٹنڈولکر کھیل نہیں رہے اور گنگولی بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے تو میچ میں ابھی مزہ نہیں۔ ہم تو سیکنڈ ہاف ہی دیکھیں گے۔ تاہم ان نوجوانوں کو قوی امید تھی کہ پاکستان آج انضمام کی کپتانی میں خود کو منوا لے گا۔

قریب ہی بچوں کی کرکٹ سے محظوظ ہوتی ایک بڑی بی سے جب پوچھا کہ کیا وہ کبھی پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھتیں ہیں، تو وہ بولیں پہلے ہی دماغ خراب سا رہتا ہے اس میچ سے میری طبیعت اور بھی خراب ہو جاتی ہے۔

برنس روڈ پر ایک مرغی فروش دھڑا دھڑ مرغیاں کاٹنے میں مصروف تھا بولا کوئی جیتے یا کوئی ہارے مجھے پرواہ نہیں ، پرواہ ہے تو اس بات کی کہ میرا آرڈر پورا ہو جائے۔ جب کے اکا دکا لوگ سڑک کے کنارے ریڈیو کان پر رکھے میچ سنتے نظر آئے۔ اتوار کا دن ہونے کے باعث ہوٹلوں اور چائے خانوں پر بھی رش نہیں تھا۔

عام تاثر یہی ملا کہ کراچی والے پاکستان کی ٹیم کی بیٹنگ کے منتظر تھے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد