بولی پھر سے نہیں لگے گی: زی ٹی وی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے ٹیلی وژن نیٹ ورک زی ٹیلی فلمز نے ایک عدالت کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے کہ وہ ٹی وی پر کرکٹ دکھانے کےان حقوق کی از سرِ نو بولی لگائے جو اس نے بھارت کے کرکٹ بورڈ سے بولی لگا کر حاصل کیے تھے۔ ممبئی کے ہائی کورٹ نے زی نیٹ ورک سے کہا تھا کہ وہ بھارت میں ہونے والے میچوں اور بین الاقوامی ایک روزہ میچوں کو چار برس تک دکھانے کی وہ بولی پھر سے لگائے جو زی ٹی وی نے ای ایس پی این سٹار سپورٹس کو ہرا کر جیتی تھی۔ ای ایس پی این سٹار کا کہنا تھا کہ زی ٹی وی سے دو سو بارہ ملین ڈالر کا معائدہ کرتے وقت بورڈ خود اپنے ٹھیکے دینے کے عمل کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔ جمعرات کو جج جانبین کے دلائل سنیں گے۔ ممبئی کے ہائی کورٹ نے یہ حل تجویز کیا تھا کہ اگر فریقین مان جائیں تو بولی ایک بار پھر سے لگا لی جائے اور یہ کہ وہ بولی کے عمل کو خود دیکھے گا۔ تاہم ایک تحریری بیان میں زی ٹی وی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی بولی نہ لگانے کے موقف پر پوری طرح قائم ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق کرکٹ بورڈ تقاضا کرتا ہے کہ میچ نشر کرنے والا ادارہ بین الاقوامی کرکٹ دکھانے کا تجربہ رکھتا ہو لیکن بقول اس کے زی ٹی وی کو ایسا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||