وسیم باری کو وارننگ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی کرکٹ کونسل، آئی سی سی نے پاکستان کے چیف سلیکٹر وسیم باری کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایمپائروں پر بر سرِ عام تبصرہ آرائی سے گریز کریں۔ وسیم باری نے حال ہی ایک روزہ فائنل میں پاکستان کے فتح مند نہ ہونے کا ذمہ دار انگریز ایمپائر ڈیوڈ شیفرڈ کو قرار دیا تھا۔ خبر رساں اداروں کی طالاعات میں کہا گیا ہے کہ وسیم باری کو یہ انتباہ عالمی کرکٹ کونسل نے ایک خط کے ذریعے دیا ہے۔ یہ خط انہیں کونسل کے سربراہ مالوکلم سپیڈ نے لکھا ہے۔ آئی سی سی کے ایک ترجمان نے بی بی سی سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے خط بھیجے جانے کی تصدیق کی ہے تاہم یہ کہا ہے کہ اس خط کے مندرجات صیغۂ راز میں ہیں۔ ایمسٹرڈم میں پاکستان کی آسٹریلیا سے شکست کے بعد باری نے کہا تھا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ ڈیوڈ شیفرڈ ریٹائر ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 63 سالہ ایپائر نے انضمام الحق اور یوسف یوحنا کے بارے میں اپیلوں پر جو فیصلے دیے وہ ’ناقابلِ احترام‘ ہیں۔ شیفرڈ اس وقت انتہائی سینئر ایمپائروں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے اب تک بیاسی ٹیسٹوں اور ایک سو ساٹھ ایک روزہ عالمی میچوں کی ایمپائرنگ کی ہے۔ وہ چمپئن ٹرافی میں پاکستان کے مقابلوں کے ایمپائر نہیں ہونگے تاہم حکام کا کہنا ہے اس کا فیصلہ وسیم باری کی تبصرہ آرائی سے قبل ہی ہو چکا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||