پاکستان میں سہ فریقی ون ڈے سیریز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان آئندہ ماہ سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔ تینوں ٹیمیں سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلیں گی لیکن سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز پر بدستور سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز اکتوبر میں ممکن بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست زبانی طور پر قبول کرلی تھی کہ وہ سری لنکا کے خلاف اپنی سیریز فروری میں کھیل لے گا۔ لیکن تحریری طور پر ابھی تک مطلع نہ کیے جانے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے معاملے میں بے یقینی کا شکار ہے۔ اس سال پاکستان کو زمبابوے کے خلاف تین ٹیسٹ کھیلنے تھے لیکن آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ رکنیت معطل کیے جانے کے بعد اب زمبابوے کی ٹیم پاکستان میں صرف ون ڈے کھیلے گی۔ تاہم پاکستان، سری لنکا کو مدعو کرکے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے انعقاد میں کامیاب ہوگیا ہے جس میں فائنل سمیت سات میچز ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے دعوے کے برعکس کوئٹہ میں ون ڈے نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا سبب سکیورٹی بتائی گئی ہے۔ البتہ کسی معقول وجہ کے بغیر اس مرتبہ بھی فیصل آباد کو نظرانداز کردیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں دو میچز رکھے گئے ہیں جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سبب مسترد کرتے ہوئے مستقبل میں میچز نہ کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن سرکاری دباؤ کے سامنے اسے جھکنا پڑا ہے۔ سہ فریقی ون ڈے سیریزکا پہلا میچ 30 ستمبر کو ملتان میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائےگا۔ دونوں ٹیمیں تین اکتوبر کو پشاور میں مدمقابل ہونگی۔ چھ اکتوبر کو کراچی، پاکستان اور سری لنکا کے میچ کی میزبانی کرے گا۔ نو اور گیارہ اکتوبر کے پنڈی کے میچز سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونگے۔ چودہ اکتوبر کو لاہور میں پاکستان اور سری لنکا آخری لیگ میچ میں مدمقابل ہونگے جبکہ سولہ اکتوبر کو فائنل لاہور میں کھیلا جائےگا۔ پاکستان میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کے انعقاد کا یہ دوسراموقع ہے اس سے قبل95-1994ء میں پاکستان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچز کھیلے گئے تھے۔ جبکہ 1997 میں پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے سلسلے میں چار قومی ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کے علاوہ سری لنکا جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شریک تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||