سری لنکا نے پاکستان کو ہرا دیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایشیا کپ کا دفاع کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی کمزور ٹیموں کے خلاف آسان فتوحات کے بعد اپنے پہلے سخت امتحان میں تنکے کی طرح بکھر گئی۔ سری لنکا کے خلاف اپنے100 ویں میچ میں بیٹنگ کی بدترین پرفارمنس کے نتیجے میں پاکستان کو 7 وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا۔جب سکور بورڈ پر رنز ہی نہ ہوں تو بولرز کے حوصلے بھی پست ہوجاتے ہیں۔ پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں پاکستانی بیٹسمینوں کو میزبان بولنگ نے اپنے حصار میں لیتے ہوئے صرف122 رنز پر محدود کردیا۔ یہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کا سب سے کم سکور بھی ہے اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے انضمام الحق کے لیے وہ منظر سوہان روح تھا جب وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور ایک عجب بوکھلاہٹ ٹیم میں نظرآئی۔ پاکستان نے عمران فرحت کی جگہ غیرمستقل مزاج عمران نذیر کو یاسرحمید کے اوپنر پارٹنر کے طور پر منتخب کیا لیکن وہ صرف14 رنز بناکر زوئسا کی گیند پر جے وردھنے کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے سنچری میکر شعیب ملک کو بھی4 رنز پر زوئسا نے تلکارتنے دلشن کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ پاکستانی ٹیم اس وقت شدید مشکل سے دوچار ہوگئی جب ایک ہی اوور میں کپتان انضمام الحق اور نائب کپتان یوسف یوحنا پویلین کی راہ دیکھنے پر مجبور ہوگئے۔انضمام الحق کو9 رنز پر مرلی دھرن نے بولڈ کیا اور یوسف یوحنا غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے اس وقت پاکستان کا اسکور46 رنز تھا اور اس کی4 وکٹیں گرچکی تھیں۔ یونس خان کو ایک رن پر پرویز معروف نے جے وردھنے کے ہاتھوں کیچ کرایا تو51 رنز5 کھلاڑی آؤٹ کا اسکور پاکستان بیٹنگ لائن کی مکمل تباہی کی کہانی بیان کررہا تھا۔ستم بالائے ستم اوپنر یاسرحمید57 گیندوں پر22 رنز بنانے کے بعد اپل چندانا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔ معین خان اور عبدالرزاق سے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کی امید بر نہ آسکی۔ معین خان کی اننگز کا خاتمہ3 رنز پر سوئسا نے کیایہ طویل قامت سوئسا کی تیسری وکٹ تھی۔ پاکستان اننگز کی سب سے بڑی32 رنز کی شراکت عبدالرزاق اور محمد سمیع کے درمیان رہی عبدالرزاق رنز بناکر معروف کی گیند پر دلشن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔سمیع کو جے سوریا نے بولڈ کیا۔آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین شعیب اختر تھے جو ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی طرف سے زوئسا تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ گوناوردھنے کو بھی عبدالرزاق نے عمران نذیر کے ہاتھوں26 رنز پر کیچ کرادیا لیکن88 کے اسکور پربازی پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکی تھی۔کمارسنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے نے سری لنکا کو 32 اوورز میں جیت سے ہمکنار کردیا۔ ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے کا تیسرا میچ جمعہ کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||