پاکستان ایشیا کپ کے لیے تیار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایشیا کپ کے لیے جس پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے مبصرین اسے متوازن قرار دے رہے ہیں۔ ٹیم کا پیس اٹیک شعیب اختر، محمد سمیع اور شبیر احمد پر مشتمل ہے اور کوچ باب وولمر کا کہنا ہے کہ شعیب اختر اب مکمل فٹ ہیں ۔ محمد سمیع کے بارے میں بھی یہ بتایا گیا ہے کہ وہ فٹ ہیں البتہ عمر گل کمر کی تکلیف کے سبب ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ ٹیم میں تین آل راؤنڈرز شعیب ملک ، عبدالرزاق اور رانا نوید الحسن کو شامل کیا گیا ہے وکٹ کیپنگ گلوز حسب معمول معین خان کے ہاتھوں میں رہیں گے۔ چیف سلیکٹر وسیم باری نے ٹیم میں لیگ اسپنر دانش کنیریا کی شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں وکٹیں ٹرننگ ہوسکتی ہیں ایسے میں ٹیم میں اسپیشلسٹ لیگ اسپنر کی موجودگی کارآمد ثابت ہوگی۔ وسیم باری کا کہنا ہے کہ دانش کنیریا نے اس انگلش سیزن میں شاندار بولنگ کی ہے۔ عمران نذیر کو دوبارہ موقع دینے کے بارے میں وسیم باری کہتے ہیں کہ ڈومیسٹک سیزن میں ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور انہیں فیلڈنگ کی اضافی خصوصیت کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔ ان کے علاوہ ٹیم میں اوپنر کے طور پر عمران فرحت اور یاسرحمید شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ کا بوجھ کپتان انضمام الحق ، یوسف یوحنا اور یونس خان کے شانوں پر ہے ۔ یونس خان پر سلیکٹرز نے ایک بار پھر اعتماد کیا ہے۔ تاہم یوسف یوحنا نائب کپتان برقرار رہیں گے۔ ایشیا کپ سولہ جولائی سے سری لنکا میں شروع ہوگا جس میں پاکستان کو اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کا اصل مقابلہ بھارت اور سری لنکا سے ہوگا مقابلے میں شریک دیگر ٹیمیں بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||