پاکستان کے ریفری، انٹرنیشنل پینل پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی سکواش فیڈریشن نے پاکستان کے مزید دو ریفری اپنے انٹرنیشنل پینل پر رکھ لیے ہیں۔ پاکستان سکواش فیڈریشن نے اس مقصد کے لیے دس افراد نامزد کیے تھے جن میں زیادہ تر سکواش کے ماضی قریب کے کھلاڑی، کوچ اور قومی سطح کے ریفری شامل تھے۔ ان دس افراد میں سے ایاز خان اور طاہر جمیل خانزادہ کو عالمی سکواش فیڈریشن نے بطور انٹرنیشنل ریفری کے پینل میں شامل کر لیا ہے۔ جبکہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے فہیم گل اور جمشید گل پہلے ہی سے انٹرنیشنل پینل پر موجود تھے تاہم ان کی معیاد پوری ہو چکی تھی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن نے ان دونوں کی دوبارہ نامزدگی کی درخواست کی۔ پاکستان کے ایئرچیف مارشل کلیم سعادت نے ،جو پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، ان چاروں کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں سکواش کا کھیل ترقی کی جانب گامزن ہو گيا ہے۔ ادھر پاکستان کے دو جونیئر کھلاڑیوں نے ملائشیا میں ہونے والی مائلو آل سٹار جونئر سکواش چمپئن شپ جیت لی ہے۔ انڈر نائنٹین کیٹیگری میں پاکستان کے خالد اطلس نے فائنل راؤنڈ میں بھارت کے سورو گوسہل کو تین سٹریٹ گیمز میں شکست دی۔ انڈر سیونٹین کیٹیگری میں پاکستان کے عامر اطلس نے آسٹریلیا کے رائن کسکیلے کو تین سٹریٹ گیمز میں مات دے کر فائنل راؤنڈ میں فتح حاصل کی۔ اس چمپیئن شپ کے لیے رحمت خان قومی جونیئر کھلاڑیوں کی تربیت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کر لے گا۔اور جس طرح پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں نے ملائشیا میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس اعتبار سے رحمت خان کا یہ دعوی صحیح معلوم ہوتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||