کراچی، بین الاقوامی باکسنگ مقابلے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی اولمپک باکسنگ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جمعرات سے کراچی میں شروع ہورہا ہے جس میں 30 ممالک شرکت کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ باکسنگ کا سب سے بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے 18 باکسرز ایتھنز اولمپکس کےلئے کوالیفائی کریں گے ۔ 13 سے 29 اگست تک ہونےوالے اولمپکس میں دنیا بھر سے 386 باکسرز حصہ لیں گے جن میں ایشیائی باکسرز کی تعداد 62 ہے جن کے انتخاب کے لئے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دو کوالیفائنگ ٹورنامنٹس فلپائن اور چین میں ہوچکے ہیں جن کے ذریعے 44 باکسرز اولمپکس تک رسائی حاصل کرچکے ہیں کراچی کےکے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ایشیا کا تیسرا اور آخری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے۔ پاکستان میں چونکہ پہلی مرتبہ کسی اولمپک کوالیفائنگ باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا ہے لہذا ملک کے باکسنگ حلقوں میں اس سلسلے میں غیرمعمولی جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو باکسنگ کا سازوسامان فراہم کرنے والی کمپنی گرین ہل نے اسپانسر کیا ہے جو اب تک پاکستان میں تین انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹس کا کامیابی سے انعقاد کرچکی ہے اور وہ ایتھنز اولمپکس میں بھی باکسنگ کاسازوسامان فراہم کرے گی۔ جن ممالک نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کی ہے ان میں عراق بھی شامل ہے جس کےباکسرز اس وقت ایک امریکی کوچ کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنےمیں مصروف ہیں۔ پاکستان کے لئے ایتھنز اولمپکس کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ فلپائن اور چین کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے ذریعے تین باکسرز اصغرعلی شاہ، نعمان کریم اور مہراللہ اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی خواہش ہے کہ مزید دو باکسرز کراچی کے ٹورنامنٹ کے ذریعے اولمپکس میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں۔ پاکستان نے اولمپکس میں اب تک ایک کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ یہ کامیابی 1988 کے سول اولمپکس میں حسین شاہ نے حاصل کی تھی۔ باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ تمغے جیتے ہیں۔ ایک عرصے تک سرکاری سرپرستی سے محروم رہنے کے بعد حکومت کی طرف سے ملنے والی بیش قیمت گرانٹ سے پاکستان باکسنگ فیڈریشن مکمل فائدہ اٹھانا چاہتی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ پاکستانی باکسرز ایتھنز اولمپکس میں اچھے نتائج دینے میں کامیاب ہوں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||