دو گھنٹے میں ٹکٹ فروخت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اکیس مارچ کو لاہور میں ہونے والے چوتھے ایک روزہ میچ کی تمام ٹکٹیں بدھ کے روز دو گھنٹے میں فروخت ہوگئیں۔ ان ٹکٹوں کو خریدنے کے لئے لوگ صبح ہی سے قطاروں میں لگے ہوئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو انکلوژرز کی پانچ ہزار ٹکٹیں ہندوستان کے شائقین کے لیے مخصوص کی ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کے جنرل انکلوژر میں پلاسٹک کی نشتسیں لگنے سے اس کی گنجائش کم ہوگئی ہے اور اب پورے اسٹیڈیم میں اٹھارہ ہزار تماشائی بیٹھ سکتے ہیں۔ آج قذافی اسٹیڈیم میں چھ ہزار مہنگے انکلوژرز کی ٹکٹیں فروخت کی گئیں جن کی فروخت گیارہ بجے سے دو بجے کے دوران میں دو گھنٹے میں ہی مکمل ہوگئی جبکہ ان کو لینے کے لیے لوگ صبح ہی سے وہاں کھڑے تھے۔ دوسرے شہروں سے لوگ کل رات ہی سے لاہور آۓ ہوۓ تھے اور قذافی اسٹیڈیم میں ڈیرے ڈال کر بیٹھے ہوۓ تھے۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے طور پر قذافی اسٹیڈیم کی سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور بغیر پارکنگ ٹکٹ کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو ضبط کیا جارہا تھا۔ دوسری طرف سستے انکلوژرز کی ٹکٹیں بینک الفلاح کی شہر میں مختلف برانچوں میں سہ پہر کو فروخت کی گئیں اور شام تین بجے سے پانچ بجے تک سب ٹکٹ فروخت ہوگۓ۔ میچ کی بیس فیصد کے قریب ٹکٹیں انٹرنیٹ کے ذریعے فروخت کی گئی ہیں جو پہلے ہی تمام کی تمام بک چکی ہیں۔ ٹکٹیں خریدنے والوں میں پنجاب کے وزیراعلی پرویز الہی بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے اہل خانہ کے لئے بھی ٹکٹ خریدے ہیں۔ لاہور میں چوبیس مارچ کو ایک اور ون ڈے میچ ہوگا جس کے ٹکٹ ابھی فروخت ہونا ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||