BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 15 March, 2004, 23:48 GMT 04:48 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شیر گھاس نہیں کھاتے

راولپنڈی سٹیڈیم
پاکستانی ٹیم راولپنڈی میں پریکٹس کے دوران
اخبار میں پڑھا کہ لاہور میں قیام کے دوران ہندوستانی ٹیم کو کھانا پیش کرنے سے قبل کسی کو چکھایا جاتا تھا تاکہ کھلاڑیوں کو کوئی زہر دیکر مار نہ دے۔

اسلام آباد میں دونوں ٹیمیں میریئٹ ہوٹل میں ٹھہری ہیں۔ یہاں ماحول کافی نارمل اور سکیورٹی تھوڑی کم ہے تو سوچا کہ معلوم کیا جائے کرکٹ اور کرکٹرز کی خاطر یہاں کس کو بلی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ باقی چیزوں کی طرح تاریخ پر بھی میری کوئی گہری نظر تو نہیں لیکن بچپن میں یہی پڑھا تھا کہ یہ احتیاط شاہی گھرانوں میں برتی جاتی تھی۔

گھر کی دال
 ہوٹل انتظامیہ نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے ایک خصوصی دال کاؤنٹر قائم کیا ہے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ زیادہ تر ہندوستانی دال اور سبزی پسند کرتے ہیں

لیکن میریئٹ میں بات اس سے بھی کچھ سنگین نکلی۔ یہاں انتظامیہ نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے ایک خصوصی دال کاؤنٹر قائم کیا ہے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ زیادہ تر ہندوستانی دال اور سبزی پسند کرتے ہیں۔ پاکستان میں اب تک میرا تجربہ یہ ہے کہ اگر آپ ہوٹل میں دال یا سبزی مانگیں تو ویٹر آپکو عجیب سی نگاہ سے دیکھتا ہے، کیونکہ اس کے خیال میں کوئی سرپھرا ہی روغن جوش چھوڑ کر آلو پالک کھانا چاہے گا۔

دال!! میرے خیال میں تو ہندوستانی کھلاڑیوں کو میریئٹ ہوٹل پر ہتک عزت کا دعوی کردینا چاہیے۔

سچن کی جاسوسی
 سچن تیندولکر نے دو دن میں چار فلمیں دیکھی ہیں اور اپنے کمرے کے باہر کاریڈور میں گولف کی مشق کرتے ہیں۔ شاید یہی ان کی کامیابی کا راز ہے

ہوٹل سے یہ بھی پتہ چلا کہ سچن تیندولکر نے دو دن میں چار فلمیں دیکھی ہیں یا کم سے کم چار انگریزی فلموں کی ڈی وی ڈی ضرور منگائی ہیں۔ لیکن ایسا نہیں کہ وہ سارا وقت فلمیں دیکھ کر گزار رہے ہیں۔ انہوں نے ہوٹل سے دو گولف کے کلب منگائے ہیں اور اپنے کمرے کے باہر کاریڈور میں گولف کی مشق کرتے ہیں۔

شاید یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔

ادھر پاکستانی کھلاڑیوں کا مذہب کی جانب رجحان ماشاءاللہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ کل میں پنڈی سٹیڈیم پہنچا تو دیکھا کہ تمام کھلاڑی وضو کر رہے ہیں اور پھر انہوں نے میدان کے بیچوں بیچ با جماعت نماز ادا کی۔ میرے خیال میں تو نماز کی اتنی پابندی قابل ستائش ہے۔ لیکن آپ صحافیوں کو نہیں جانتے، وہ ہر کام میں چاہے کتنا ہی نیک کیوں نے ہو، کوئی نہ کوئی مقصد ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں نے کئی صحافیوں کو کہتے سنا کہ میدان میں باجماعت نماز در اصل تصویر بنوانے کا بہانہ ہے ۔

میں نے پوچھا کہ انہیں ایسا کیوں لگا تو جواب تھا کہ غیر ملکی دوروں پر:
ہم نے شیخ کو کہیں وقت اذاں دیکھا ہے
یہ مگر ہم سے نہ پوچھو کہ کہاں دیکھا ہے
ہو سکتا ہےکہ شعر غلط ہو۔ ہو سکتا ہے کہ ان کا الزام بھی ۔۔۔

ہر گھڑی تیار کامران
 ایک نامہ نگار کو کہتے سنا کہ پاکستانی فوج یا کم سے کم وہ فوجی جو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تعینات تھے، بہت مہذب اور نرم گو تھے

پہلے ایک روزہ میچ سے قبل ہم نے کراچی میں ایک سٹے باز سے بات کی تھی جس کا کہنا تھا کہ وہ میچ ہندوستان جیتے گا۔ لاہور کے وارم اپ میچ میں ہندوستان کی کراری شکست کے بعد یہ بات ذرا عجیب سی لگی تھی، لیکن سچ ثابت ہوئی۔ (غالباً تکا ہی رہا ہوگا کیونکہ کرکٹ میں تو اب میچ فکسنگ پر باقاعدہ پابندی ہے۔) اس مرتبہ سٹہ بازار میں پاکستان فیورٹ ہے، دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتاہے۔

جاتے جاتے ایک بات اور بتادوں۔ کل جب پنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن دیکھنے کے لئے داخل ہو رہے تھے تو رائٹرز کے نامہ نگار کو کہتے سنا کہ پاکستانی فوج یا کم سے کم وہ فوجی جو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تعینات تھے، بہت مہذب اور نرم گو تھے۔

یہ سمجھ میں نہیں آیا کہ پھر پاکستان میں فوج زیادہ مقبول کیوں نہیں؟ کیا پاکستانی گھر کی مرغی کو دال برابر سمجھتے ہیں؟ یا گھر کی دال کو مرغی کے برابر سمجھتے ہیں اور اسی لئے ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے دال کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے؟

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد