’میچ ہی نہیں دل بھی جیت کر آئیے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چودہ برس بعدانتہائی سخت حفاظتی انتظامات اور امن کی امیدوں کے ساتھ انڈین کرکٹ ٹیم آج لاہور پہنچ رہی ہے۔ دہلی سے روانگی سے قبل ٹیم نے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے اطلاعات کے مطابق انڈین ٹیم سے کہا کہ وہ ’کھیل ہی نہیں دل بھی جیتیں اور میری شبھ کامنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘ مسٹر واجپائی نے اپنے دستخط والا ایک بیٹ ٹیم کو تحفے کے طور پربھی دیا۔ انڈین ٹیم کے کپتان سورو گنگولی نے روانگی سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ ماضی میں انڈین ٹیم کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ اچھا نہیں ہے، کہا کہ ’ماضی کوئی معنی نہیں رکھتا اب دونوں تیمیں نئی ہیں۔‘ پاکستان کے وقت کے مطابق انڈین ٹیم آج دوپہر ڈیڑھ بجے تک لاہور پہنچے گی۔ بعد میں لاہور میں دونوں ٹیمیں ایک وارم اپ میچ کھیلیں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط بھی بہتر ہوں گے۔ پاکستان کے وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کھیل میں جیت یا ہار اتنی اہم نہیں ہے جتنا کہ اس دورے سے امن کے عمل کو پہنچنے والا فائدہ اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ٹیمیں پانچ ایک روزہ میچ اور تین ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ بھارتی ٹیم پانچ ہفتوں کے لئے پاکستان میں قیام کرے گی۔ دونوں ممالک کے عوام میں اس میچ کے لئے بے انتہا جوش و ولولہ پایا جاتا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس دورے کےموقع پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیےگئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے اعلیٰ تربیت یافتہ کمانڈوز اور پولیس اہلکاروں کی دو خصوصی ٹیمیں ساۓ کی طرح چوبیس گھنٹے بھارتی سکاڈ کے ساتھ رہیں گی۔ بھارتی ٹیم کے ارکان جب لاہور پہنچیں گے تو ساٹھ مسلح اہلکاروں کا دستہ انہیں اپنی حفاظت میں فائیوسٹار ہوٹل لے جاۓ گا جہاں پہلے سے ان کی حفاظت کے لیے ڈھائی سو اہلکار تعینات ہوں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||