پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بھارت کے خلاف پہلے دو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم انضمام الحق ( کپتان ) عمران فرحت، یاسرحمید، یوسف یوحنا، یونس خان، معین خان، مصباح الحق، شعیب ملک، شاہد آفریدی، شعیب اختر، محمد سمیع، شبیراحمد، ثقلین مشتاق،عبدالرزاق، رانا نویدالحسن اور راؤ افتخار پر مشتمل ہے ۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور آف سپنر ثقلین مشتاق ایک بار پھر وسیم باری کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ شاہد آفریدی نے آخری ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف سنچورین میں کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ ٹیم سے باہر تھے۔ سلیکشن کمیٹی نے انہیں جنوبی افریقہ کے مقامی سیزن میں عمدہ کارکردگی اور ون ڈے میں ان کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے دوبارہ موقع دیا ہے۔ تاہم یاسرحمید اور عمران فرحت کے ہوتے ہوئے وہ اوپنر کے بجائے مڈل آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلیں گے ۔ ثقلین مشتاق نے آخری ون ڈے جنوبی افریقہ کے خلاف فیصل آباد میں کھیلا تھا۔ کافی عرصے سے وہ ٹیم میں ان آؤٹ ہوتے رہے ہیں۔ سلیکٹرز کا خیال ہے کہ ان کا تجربہ اور بھارت کے خلاف ٹریک ریکارڈ پاکستان ٹیم کے لئے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ ثقلین مشتاق 169 ون ڈے کھیل کر 288 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ڈومیسٹک سیزن میں غیرمعمولی کارکردگی کی بناء پر آل راؤنڈر رانانوید الحسن کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ تیز بولر راؤافتخار سکواڈ میں نیا اضافہ ہیں۔ انہوں نے بھی اس سال ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ قائداعظم کپ کے ایک میچ میں سنچری لیکن پیٹرنز کپ کے چار میچوں میں صرف 49 رنز بنانے والے مصباح الحق کو حیرت انگیز طور پر ون ڈے سکواڈ میں جگہ مل گئی ہے حالانکہ بازید خان کی کارکردگی اسی پیٹرنز کپ میں 6 میچوں میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 329 رنز کے ساتھ زیادہ شاندار تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||