رنجن مدوگالے پاک بھارت سیریز کے میچ ریفری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے تجربہ کار آفیشلز کا تقرر کیا ہے تاکہ وہ اپنےوسیع تجربے کی بدولت معاملات کو احسن طریقے سے نمٹاسکیں اور یہ سیریز میدان میں کسی تنازعے کے بغیر خوشگوار ماحول میں کھیلی جاسکے۔ آئی سی سی نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا ہے ۔ امپائرز کے طور پر انگلینڈ کے ڈیوڈ شیپرڈ، ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر آسٹریلیا کے سائمن ٹافل اور جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن کا تقرر کیا گیا ہے۔ رنجن مدوگالے اسوقت آئی سی سی کے میچ ریفریز پینل کے چیف ہیں ۔ سری لنکا کی طرف سے 21 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعد44 سالہ مدوگالے 94 – 1993ء سے آئی سی سی کے میچ ریفریز پینل میں شامل ہیں اور اب تک 58 ٹیسٹ اور 150 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں میچ ریفری کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ پاک بھارت کرکٹ سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والوں میں سب سے عمر رسیدہ امپائر انگلینڈ کے ڈیوڈ شیپرڈ اور سب سے کم عمر آسٹریلیا کے سائمن ٹافل ہونگے ۔ ڈیوڈ شیپرڈ کی عمر اسوقت 63 سال سے زائد ہے اور وہ اب تک 78 ٹیسٹ اور 145 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں ۔ 33 سالہ سائمن ٹافل گزشتہ سال ہی اپنی غیرمعمولی کارکردگی کی بنا پر آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں وہ ابتک 11 ٹیسٹ اور 59 ون ڈے میچوں میں ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔
امپائرز پینل میں ویسٹ انڈیز کے 57 سالہ اسٹیو بکنر کو سب سے زیادہ 86 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے وہ 118 ون ڈے بھی سپروائز کرچکے ہیں ۔ جنوبی افریقہ کے 54 سالہ روڈی کرٹزن کے کریڈٹ پر 46 ٹیسٹ اور 113 ون ڈے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 13 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں سائمن ٹافل کے ساتھ ندیم غوری امپائر ہونگے ۔ 16 مارچ کو راولپنڈی کے دوسرے ون ڈے میں سائمن ٹافل اور اسد رؤف امپائرنگ کرینگے ۔ ڈیوڈ شیپرڈ اور ندیم غوری 19 مارچ کو پشاور میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ 22 مارچ کو لاہور کے چوتھے ون ڈے کے لئے سائمن ٹافل کے ساتھ اسد رؤف کی تقرری کی گئی ہے جبکہ 24 مارچ کے پانچویں اور آخری ون ڈے کے امپائرز ڈیوڈ شیپرڈ اور ندیم غوری ہونگے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 28 مارچ سے یکم اپریل تک ملتان میں کھیلا جائے گا جس میں سائمن ٹافل اور ڈیوڈ شیپرڈ میدان میں نظرآئیں گے ۔ 5 سے 9 اپریل تک لاہور میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں امپائرز سائمن ٹافل اور اسٹیو بکنر ہونگے جبکہ 13 سے 17 اپریل تک راولپنڈی میں تیسرا ٹیسٹ ڈیوڈ شیپرڈ اور روڈی کرٹزن کی نگرانی میں کھیلا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||