پاکستان میں بور ہوجاؤں گا: سچن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ٹیم کے بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں انہیں اپنی سکیورٹی کے بارے میں تو کوئی تشویش نہیں ہے لیکن یہ خیال ضرور ہے کہ وہ پاکستان میں زیادہ سکیورٹی انتظامات کے باعث بور ہوجائیں گے۔ سچن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے کے دوران حفاظت کے نقطۂ نظر سے وہ اپنے ہوٹلوں تک ہی محدود ہوجائیں گے۔ ٹنڈولکر نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ پندرہ برس قبل کھیلی تھی۔ انہوں نے کہا ’ہم ریستورانوں میں نہیں جا سکیں گے اور نہ ہی آزادانہ طور پر گھوم پھر سکیں گے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صرف فلمیں دیکھ سکیں گے یا گانے سن سکیں گے یا پھر اس کوشش میں مصروف رہیں گے کہ ان کا وزن نہ بڑھے۔ اس دورے کی اجازت بھارتی حکام نے پاکستان کے سکیورٹی انتظامات کے تفصیلی جائزے کے بعد دی تھی۔ پاکستان نے بھارت کی اس درخواست کو قبول کرلیا ہے کہ کراچی اور پشاور میں ٹیسٹ میچ نہ رکھے جائیں۔ اب یہاں صرف ایک روزہ میچ ہی کھیلے جائیں گے۔ ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ وہ حکام اور کرکٹ بورڈ کے انتظامات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اہل خانہ اس امر پر بہت پریشان تھے کہ سکیورٹی کے کیا انتظامات کئے جائیں گے تاہم اب وہ بھی مطمئن ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||