علیم ڈار ایلیٹ پینل میں شامل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے امپائر علیم ڈار کو امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل کرلیا ہے۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کے نیل میلنڈر بھی اس پینل میں شامل کئے گئے ہیں دوسری جانب بھارت کے مشہور امپائر وینکٹ راگھون نے امپائرنگ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی نے تین دیگر امپائرز سری لنکا کے اشوکا ڈی سلوا ، زمبابوے کے رسل ٹفن اور جنوبی افریقہ کے ڈیو آرچرڈ کو ایلیٹ پینل میں مزید ذمہ داریاں نبھانے سے فارغ کردیا ہے۔ اسطرح آئی سی سی کا ایلیٹ پینل اب گیارہ کے بجائے نو امپائرز ڈیوڈ شیپرڈ ، سائمن ٹافل ، بلی باؤڈن ، ڈیرل ہارپر، ڈیرل ہیئر، اسٹیو بکنر ، روڈی کرٹزن ، علیم ڈار اور نیل میلنڈر پر مشتمل ہوگا۔ آئی سی سی نے علیم ڈار اور نیل میلنڈر کو انٹرنیشنل پینل سے ایلیٹ پینل میں ترقی دینے کا فیصلہ ان کی پرفارمنس کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کیا ہے۔ بین الاقوامی میچوں میں امپائرز کی کارکردگی پرکھنے کے لئے آئی سی سی نے کچھ اصول وضع کررکھے ہیں جن میں وڈیوز کی مدد سے ان امپائرز کے فیصلے دیکھنے کے علاوہ ہر میچ کے بعد کپتانوں اور میچ ریفریز کی رپورٹ کے ذریعے امپائرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ علیم ڈار اور نیل میلنڈر کی دوسالہ کارکردگی آئی سی سی کے معیار پر پوری اتری البتہ اشوکا ڈی سلوا، رسل ٹفن اور ڈیوڈ آرچرڈ کی کارکردگی سے آئی سی سی مطمئن نہ تھی آئی سی سی نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ تینوں امپائرز انٹرنیشنل پینل میں اچھی کارکردگی دکھاکر دوبارہ ایلیٹ پینل میں واپس آئیں گے واضح رہے کہ آئی سی سی منیجمنٹ کی سفارشات پر امپائرز کی تقرری چیف ایگزیکٹیو میلکم اسپیڈ اور کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین سنیل گاوسکر کرتے ہیں۔ جب آئی سی سی نے امپائرز کا ایلیٹ پینل تشکیل دیا تھا تو اس میں پاکستان کا کوئی بھی امپائر جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا اس دوران علیم ڈار انٹرنیشنل پینل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے اور اپنی عمدہ پرفارمنس پر وہ مختصر سے عرصے میں ایلیٹ پینل میں شامل کرلئے گئے۔ پینتس سالہ علیم ڈار کا تعلق لاہور سے ہے مشہور کلب پی اینڈ ٹی جمخانہ کی طرف سے کرکٹ کھیلی اور کینیا ، متحدہ عرب امارات ، زمبابوے ، ہالینڈ اور انگلینڈ کے دورے کئے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین اور آف اسپنر کی حیثیت سے ریلویز اور الائیڈ بینک کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ ان کے پسندیدہ کھلاڑی مارک وا ہیں۔ کرکٹ کے علاوہ ان کا دوسرا پسندیدہ کھیل ٹیبل ٹینس ہے۔ فارغ اوقات میں لمبی تان کر سونا ان کا بہترین مشغلہ ہے لیکن اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ کرکٹ کے میدان میں غضب کی نگاہ اور ذہن کے ساتھ وہ ایک ایک گیند اور ہرصورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہوتے ہیں۔ علیم ڈار ایلیٹ پینل میں شمولیت کو خواب کی تعبیر سمجھتے ہیں لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری ان کے لئے چیلنج سے کم نہیں ہے جس سے وہ عہدہ برا ہونے کی بھرپور کوشش کرینگے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||