| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بال ٹیمپرنگ: ڈراوڈ پر جرمانہ
بھارت کے نائب کپتان راہول ڈراوڈ کو بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے منگل کے روز زمبابوے کے خلاف ہونے والےمیچ کی آدھی فیس جرمانے کے طور پر دینا ہوگی۔ راہول ڈراوڈ کے خلاف یہ کارروائی میچ کے ریفری کلائیو لائڈ نے آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے تحت کی۔ خیال ہے کہ میچ کے تھرڈ ایمپائر پیٹر پارکر نے کیمرے میں راہول ڈراوڈ کو گیند پر کریم ملتے ہوئے دیکھنے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ بھارت نے یہ میچ چوبیس رنز سے جیتا اور اس کی طرف سے سب سے زیادہ سکور راہول ڈراوڈ نے کیا۔ کرکٹ کے قوانین کھلاڑیوں کو گیند چمکانے کی اجازت دیتے ہیں لیکن اس کے لئے وہ کوئی مصنوعی چیز استعمال نہیں کر سکتے جس صورت میں ان کے خلاف دو میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ بھارت کے کوچ جان رائٹ کا کہنا ہے کہ ڈراوڈ سے ’معصومانہ غلطی‘ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈراوڈ نے بے خیالی میں وہ توانائی بخش ٹافی جو وہ کھا رہے تھے منہ سے نکال کر بال پر لگا دی۔ بھارتی کوچ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈراوڈ کو اپنی غلطی کا احساس ہوا انہوں نے ٹافی گیند سے اتارنے کی کوشش کی۔ بھارتی ٹیم کے کپتان سارو گنگولی نے بھی اس واقعے کو غلطی قرار دیا۔ ڈراوڈ عام طور پر ایک روزہ میچوں میں وکٹ کیپنگ کرتے ہیں لیکن اس میچ میں باقاعدہ وکٹ کیپر پارتھو پٹیل کی شمولیت کے بعد وہ فیلڈنگ کر رہے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||