| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لارا کی سنچری، افریقہ کا پلہ بھاری
تیسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا کی سنچری کے باوجود جنوبی افریقہ کی پوزیشن بہت مضبوط نظر آ رہی ہے۔ میچ کے تیسرے روز برائن لارا کے ایک سو پندرہ رنز کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم چار سو ستائیس رنز بناکر آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں ایک سو پانچ رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے اڑتیس رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ اپنی اننگز کے دوران برائن لارا نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن سے بچایا بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں نوہزار رنز کے ہدف کو سب سے کم میچوں میں عبور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ برائن لارا نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کے نو ہزار صرف ایک سو ستتر اننگز کھیل کر بنائے جبکہ ٹنڈلکر کو ایسا کرنے کے لئے ایک سو اناسی، گواسکر کو ایک سو بانوے، ایلن بارڈر کو دو سو سات جبکہ سٹیووا کو دوسو سولہ اننگز کھیلنا پڑیں۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے فاسٹ بالر آندرے نیل نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے اوپنر بلے باز کرس گائل صرف اناسی گیندوں پر سنچری مکمل کر کے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی سر ووین رچرڈز چھپن گیندوں پر سینچری بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||