BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 01 January, 2004, 15:01 GMT 20:01 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
برٹش اوپن جونیئر، پاکستان کیلئے چیلنج

سکواش مقابلے
برٹش اوپن جونیئر مقابلے پانچ روز جاری رہیں گے

پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی آزمائش کا وقت آن پہنچا ہے، برٹش اوپن جونیئر سکواش چیمپیئن شپ کے لئے پاکستان سکواش فیڈریشن نے انیس کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جو انڈر 19 ، انڈر 17 ، انڈر 15 اور انڈر 13 ایونٹس میں حصہ لیں گے۔

یہ مقابلے دو سے چھ جنوری تک شیفیلڈ انگلینڈ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ برٹش اوپن جونیئر کو انٹرنیشنل جونیئر مقابلوں میں وہی اہمیت حاصل ہے جو سینیئر مقابلوں میں روایتی برٹش اوپن کو حاصل رہی ہے۔

پاکستان کے نوجوان کھلاڑی گزشتہ دو سال سے برٹش اوپن جونیئر مقابلوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے رحمت خان کی خدمات حاصل کرنا ہے۔

رحمت خان نے مختصر مدت میں نوجوان کھلاڑیوں کو اس قابل بنا دیا ہے کہ انہوں نے نہ صرف بھارت کے شہر چنئی میں عالمی جونیئر سکواش کا ٹیم ٹائٹل جیتا بلکہ برٹش اوپن جونیئر میں تین کیٹیگریز میں ٹائٹل اپنے نام کئے۔

بھارت میں پاکستان کی کامیابی اس اعتبار سے اہمیت کی حامل تھی کہ انیس وس بیاسی کے بعد یعنی بیس سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان نے عالمی اعزاز جیتا۔

سکواش مقابلے
بین الاقوامی مقابلے کھلاڑیوں کے لئے بہتر ہیں

برٹش اوپن جونیئر میں بھی پاکستان کے سفیر خان کی انڈر 19 ایونٹ میں کامیابی اس لحاظ سے تاریخی تھی کہ دو عشروں کے بعد پاکستان کے کسی کھلاڑی نے برٹش اوپن جونیئر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

برٹش اوپن جونیئر کے مقابلوں میں اس مرتبہ بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو مصری چیلنج کا سامنا ہوگا جو اس وقت جونیئر سکواش میں ایک بڑی قوت کے طور پر موجود ہیں۔

تاہم سن دو ہزار تین کے برٹش اوپن جونیئر میں رحمت خان کے تربیت یافتہ کھلاڑی ان کی برتری کو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

انڈر 19 مقابلوں میں پاکستان کے سفیرخان فائنل میں ہالینڈ کے ڈائلن بینیٹ کو ہرا کر چیمپئن بنے تھے، انڈر 17 کے فائنل کے دونوں کھلاڑی پاکستانی تھے جس میں یاسر بٹ نے فرحان محبوب کو شکست دی تھی۔ انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے عامر اطلس نے مصر کے احمد ہواس کو شکست دی تھی۔

صرف انڈر 15 ایونٹ پاکستانی کھلاڑیوں کی دسترس سے باہر رہا تھا۔ اس مرتبہ پاکستان کے خالد اطلس کو انڈر 19 ایونٹ میں ٹاپ سیڈ رکھا گیا ہے۔

افسوس کی بات

 یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سینیئر کھلاڑی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار نہیں اور پروفیشنل سرکٹ میں ان کی کارکردگی محض خانہ پری کے انداز میں دکھائی دیتی ہے۔

عبدالرشید شکور

انگلینڈ کے لارنس ڈیلاساکس سیڈنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ یاسر بٹ اس مرتبہ انڈر 19 مقابلوں میں تیسرے سیڈ کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ اس ایونٹ میں شریک دیگر پاکستانی کھلاڑی عاقب حنیف اور باسط اشفاق ہیں۔

انڈر 17 مقابلوں میں فرحان محبوب ٹاپ سیڈ ہیں جبکہ انڈر 15 میں پاکستان کے عامراطلس کو مصر کے محمد ردا کے بعد سیڈنگ میں دوسرا نمبر دیا گیا ہے۔ اسی طرح انڈر 13 میں پاکستان کے وقار محبوب اور دانش اطلس سیڈنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے لئے کامیابی آسان نہیں ہوگی خصوصاً خالد اطلس کو ٹاپ سیڈ کی حیثیت سے غیرمعمولی کارکردگی دکھانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوں گی کیونکہ حالیہ جونیئر مقابلوں میں وہ کمزور حریفوں سے غیرمتوقع شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔

پاکستان سکواش فیڈریشن نے برٹش اوپن جونیئر کے ڈراز پر عدم اطمینان ظاہر کردیا ہے اور اسے منتظمین کی جانبداری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک ہی ہاف میں رکھ کر انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کی دانستہ کوشش کی گئی ہے۔

برٹش اوپن جونیئر مقابلوں میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے اس بات کا اندازہ ہوسکے گا کہ ان میں عالمی جونیئر اعزاز کا دفاع کرنے کا کتنا دم خم ہے۔

آئندہ ورلڈ جونیئر ٹیم سکواش چیمپئن شپ اگست میں پاکستان میں ہونے والی ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن نے جونیئر کوچ رحمت خان سے معاہدے کی مدت بھی اگست تک مقرر کر رکھی ہے۔ اس طرح رحمت خان کے مستقبل کا انحصار بھی ان دو جونیئر مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ہوگا۔

تاحال وہ اپنی ٹریننگ سے نوجوان کھلاڑیوں سے مطلوبہ نتائج لینے میں کامیاب رہے ہیں لیکن یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سینیئر کھلاڑی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار نہیں اور پروفیشنل سرکٹ میں ان کی کارکردگی محض خانہ پری کے انداز میں دکھائی دیتی ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد