| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شعیب دوسرے ٹیسٹ کے لیے فِٹ؟
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بالر شعیب اختر کی واپسی پاکستان کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ڈاکٹر نے شعیب کو کھیل کے لیے فِٹ قرار دیا ہے۔ تاہم ابھی تک کوچ جاوید میانداد کی طرف سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان سٹیفن فلیمنگ کا کہنا ہے کہ شعیب کی واپسی سے میچ فیصلہ کن ہو سکتا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ کے پہلے دو گھنٹے بڑے اہم ہوں گے۔ کوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ شعیب کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے ہونے والے فِٹنس ٹیسٹ میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعیب کو پنڈلی اور پٹھوں میں تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا: ’اس وقت میں کچھ نہیں کہہ سکتا، لیکن وہ بڑی محنت کر رہے ہیں ۔۔۔ اور ہمیں دیکھنا ہے کہ وہ کس طرح رہتے ہیں۔‘ پہلا ٹیسٹ میچ بارش کی وجہ سے کسی بھی فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔ لیکن نیوزی لینڈ کو میچ کے آخری دن اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا جب اٹھانوے کے اسکور پر نیوزی لینڈ کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے جن میں تیز بالر محمد سمیع کی پانچ وکٹیں شامل تھیں۔ ممکن تھا کہ میچ کا فیصلہ ہو جاتا لیکن بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے میچ کو وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے سپنر پال وائزمین کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے اور اس طرح اب ٹیم میں دو سپنر کھیل رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||