| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’شعیب خطرناک ہو سکتے ہیں‘
نیوزی لینڈ کےعظیم کرکٹر سر رچرڈ ہیڈلی نے کہا ہے کہ پاکستان کےساتھ ایک روزہ سیریز کے دوران شعیب اختر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہ سمجھتے ہیں کہ شعیب اختر جب فارم میں ہوں تو دنیا کے خطرناک ترین بولر ثابت ہو سکتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین شعیب کا کس طرح مقابلہ کریں گے تو انہوں نے کہا ’بڑی مشکل سے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ٹاپ آرڈر بیٹسمین، جو زیادہ تجربہ کار نہیں ہیں، شعیب کی تیز رفتار سے پریشان ہو سکتے ہیں۔‘ سر رچرڈ ہیڈلی نے، جو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار کئے جاتے ہیں، محمد سمیع کی بھی کافی تعریف کی اور کہا کہ سمیع باقی فاسٹ بولروں کے مقابلے میں قد و جسامت میں چھوٹے ہونے کے باعث حیران کن رفتار سے بولنگ کراتے ہیں، جس سے کئی بیٹسمین لڑکھڑا جاتے ہیں۔
شعیب اختر کے بارے انہوں نے مزید کہا کہ اننگز کے آخر میں وہ تیز رفتار سے ریورس سوِنگ کراتے ہیں جس سے بیٹسیمینوں کے لئے رن بنانا مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا ’ہمارے لئے ضروری ہوگا کہ ایک یا دو تجربہ کار بیٹسمین اننگز کے آخر تک کریز پر موجود ہوں، ورنہ شعیب کے پاس اننگز کو بہت جلد ختم کرنے کی صلاحیت ہے۔‘ ’اور شعیب غالباً جوش میں بھی ہونگے، کیونکہ وہ سری لنکا میں سہ فریقی سیریز میں پابندی عائد ہونے سے شریک نہیں ہو پائے تھے۔ پاکستان کو فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی تھی۔اب شاید بدلے کا وقت آ گیا ہے۔‘ ہیڈلی سے ان کے اپنے زمانے میں پاکستان کی ساتھ کسی یاگار میچ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے انیس سو چھہتر کی ٹیسٹ سیریز کا حوالہ دیا جس میں نیوزی لینڈ دو۔صفر سے پیچھے تھا اور تیسرے ٹیسٹ میں بھی اسے شکست کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا ’ہم شاید سیریز تین۔صفر سے ہار جاتے لیکن ہمارے وکٹ کیپر وارن لیز نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے ایک سو باون رن بنائے، اور میں نے بھی کوئی اسی رن بناکر میچ بچا لیا۔‘ ’عمران خان اسی زمانے میں ابھرے تھے اور انہوں نے مجھ پر ایک اوور میں مسلسل باؤنسر کرائیں۔ انہیں امپائر نے ایسا کرنے سے خبردار کیا لیکن عمران نے نہ جانے کیوں ایسا کرنے سے گریز نہیں کیا، اس کے بعد انہیں امپائر نے بولنگ اٹیک سے ہٹوا دیا۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||