| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
وسیم کوچ کریں: گنگولی
بھارت کرکٹ بورڈ کے حکام کی تردیدوں کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سورو گنگولی نے ایک مرتبہ پھر یہ بات کہی ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ وسیم اکرم کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا جائے۔ گنگولی نے کہا کہ بھارتی بالروں کو وسیم اکرم کے طویل تجربے اور بالنگ کی مہارت سے بے پناہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تردید کی تھی کہ وسیم اکرم سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کے لیے رابط کیا گیا ہے۔ گنگولی نے کہا کہ وسیم سے بہتر تیز بالر انہوں نے نہیں دیکھا۔ گنگولی کے اس بیان کا پاکستان میں ردعمل متوقع ہے کیوں کہ پاکستان چاہتا ہے کہ وسیم پاکستانی بالروں کی تربیت کا کام کریں۔ گنگولی نے کہا کہ یہ ذرا نازک معاملہ ہے۔ ’لیکن ہم پھر بھی انہیں نیٹ میں لڑکوں کی تربیت کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘ وسیم اکرم اس سال مئ میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ انہوں نے ایک روز میچوں میں پانچ سو دو وکٹیں حاصل کئیں جب کہ پانچ روزہ میچوں میں انہوں نے چار سو چودہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||