| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’وسیم کےبارے میں رپورٹ کی تردید‘
بھارتی کرکٹ بورڑ کے سربراہ نےان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ بورڑ بولنگ کوچ کے طور پر وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بدھ کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڑ (بی سی سی آئی) اس کوشش میں ہے کہ آسٹریلیا کے دورے کے لئے بطور بولنگ کوچ پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم کی خدمات حاصل کی جائیں۔ تاہم ڈالمیہ نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ چند لوگ اس طرح کی چیمہ گوئیاں کیو ں کر رہے ہیں۔ ہم نے اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں ہے۔ بورڑ نے اس بارے میں وسیم کے ساتھ کوئی بات نہیں کی ہے اور نہ ہی انہوں نے اس موضوع پر ہمارے ساتھ کوئی بات کی ہے۔‘ اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں اطلاعات آئی تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڑ، کپتان سورو گانگولی اور کوچ جان رائٹ کی طرف سے وسیم کو بلانے کی درخواست پر غور کر رہا ہے۔ بھارتی ٹیم جمعہ کے روز آسٹریلیا کے لئے روانہ ہو رہی ہے۔ ایک بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں رپورٹ شائع ہوئی تھی کہ جب بھارتی کپتان گانگولی سے پوچھا گیا کہ وسیم کیوں تو انہوں نے کہا کہ ’سیدھی سی بات ہے، اس لئے کہ وہ دورِ جدید کے عظیم ترین فاسٹ بولر ہیں۔‘
وسیم اکرم نے اس سال مئی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں چار سو چودہ ٹیسٹ وکٹیں لی اور ایک روزہ میچوں میں پانچ سو دو وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڑ قائم کیا۔ وسیم بھارت کے آسٹریلیا دورے کے دوران کمنٹیٹر ہونگے۔ بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’وسیم کا آسٹریلیا میں ویسے ہی ہونا ہمارے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ ان کی موجودگی سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیئے۔‘ بھارتی ٹیم میں تین لیفٹ آرم فاسٹ بولر شامل ہیں، ظہیر خان، آشیش نیہرا اور نئے بولر عرفان پٹھان۔ گزشتہ ماہ بھارتی حکومت نے تین برس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ سیریز کی اجازت دے دی تھی۔ بھارت آئندہ سال مارچ میں تقریباً پندرہ برس کے بعد پاکستان کے دورے پر جا رہا ہے۔ بھارت نے آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے خلاف آخری بار انیس سو اکاسی میں ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||