| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا دیا
بھارت کے شہر کلکتہ میں بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ایک روزہ میچوں کی سہ فریقی سیریز ٹی وی ایس کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو سینتیس رن سے شکست دے دی ہے۔ بھارت کو جیت کے لئے دو سو چھتیس رن بنانے تھے لیکن سچِن تندولکر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کسی بھی بیٹسمین نے کریز پر جم کر کھیلنے کی کوشش نہیں کی۔ سچن اور راہول ڈراوڈ کے علاوہ بھارتی بیٹسمین پارٹنرشپز بنانے میں ناکام رہے اور میچ بیالیسویں اوور میں ہی ختم ہوگیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہاروی نے چار اور کلارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی طرف سے ڈراوڈ نے اننچاس اور سچن نے پینتالیس رن بنائے، جب تک یہ دونوں کریز پر تھے تو ایسا ظاہر ہو رہا تھا کہ بھارت کو دو سو پینتیس رن عبور کرنے میں کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ لیکن حسب معمول سچِن کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی اننگز ایسی لڑ کھڑائی کہ پھر سنبھل ہی نہیں پائی۔ بھارت نے اپنی آخری چھ وکٹیں صرف سات اوورز میں کھو دیں۔ اس سے سے قبل آسٹریلیا نے پچاس اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو پنتیس رنز بنائے۔ آُسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ڈیمین مارٹن نے سب سے زیادہ سکور اکسٹھ رنز بنائے۔ تاہم نوجوان کھلاڑی مائیکل بیون نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اٹھائیس گیندوں میں چوالیس رنز بنائے۔ اس سے قبل حیدرآباد میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں بھارت نے سچن تیندولکر اور سیہواگ کی سینچریو ں کی مدد سے نیوزی لینڈ کو ایک سو پینتالیس رن سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم کے کپتان سورو گنگولی ان فٹ ہونے کے باعث فائنل میں شریک نہیں ہوسکے ہیں۔ سیمی فائنل میں بھارت کے تین سو تریپن رن کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف دو سو آٹھ رن بناکر سینتالیس اوور میں آؤٹ ہوگئی تھی۔ یاد رہے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تھی۔ ہندوستان اس سیریز میں تین میچ ہار چکا ہے اور گزشتہ بدھ کو ہونے والے میچ میں آسٹریلیا نے اس کے خلاف 347 رنز بنائے تھے۔ بھارتی ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا کا دورہ کررہی ہے جس کے دوران چار ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ ان ٹیسٹ میچز کا آغاز چار دسمبر سے ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||