| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دولت مشترکہ مقابلے بھارت میں
ایک فیصلہ کے مطابق سن دوہزار دس میں دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے ہندوستان میں ہونگے۔ بھارت کے دارالحکومت دلی کو کینیڈا کے شہر ہیملٹن کے مقابلے میں دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں کے لئے منتخب کیا گیا۔ دولت مشترکہ میں شامل ملکوں کے نمائندوں کے جمیکا میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ہونے والی خفیہ رائے رہی میں دلی کو چھیالیس جبکہ ہیملٹن کو بائیس ووٹ ملے۔ دلی ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے بعد دوسرا ایشیائی شہر ہوگا جسے دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا۔ ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے سن انیس سو اٹھانوے میں ہوئے تھے۔ ملائشیا کے بعد جمیکا دوسرا ترقی پذیر ملک ہے جسے سن انیس سو چھیاسٹھ میں دولت مشترکہ کھیل منعقد کرانے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ بھارت کو دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کے لئے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ یہ مقابلے بھارت میں پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ بھارت کو ہمیشہ اس بات کی شکایت رہی ہے کہ دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے امیر ملکوں میں کرائے جاتے ہیں۔ کینیڈا کو یہ مقابلے منعقد کرانے کے لئے چار دفعہ منتخب کیا گیا۔ دولت مشترکہ مقابلوں میں بہتر ملکوں کے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ایتھلیٹ حصہ لیتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||