| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا
آسٹریلیا نے اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کے آرام کے باوجود گواہیٹی کے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی ہے۔ سیمر براڈ ولیمز اور آسٹریلیا کے اوپننگ پیئر ایڈم گلکرسٹ اینڈ میتھیو ہیڈن ان دنوں آرام کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے اس میچ میں شامل نہیں تھے۔ آسٹریلیا کو مزید مشکلات کا سامنا پہلے بیٹننگ کرنے سے ہوا کیونکہ وکٹ مکمل طور پر بولرز کا ساتھ دے رہی تھی۔ تاہم اس کے باوجود آسٹریلیا چوالیس رن سے جیت گیا۔ صبح جب نیوزی لینڈ نے کھیل کا آغاز کیا اس وقت تک ہر چیز نیوزی لینڈ کے حق میں ہی نظر آرہی تھی جب انہوں نے محض چونسٹھ رن کے سکور پر آسٹریلیا کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا تھا۔ یہ دونوں وکٹ نیوزی لینڈ کے تیز رفتار بولرز ڈیرل ٹفّی اور کائیلے ملز نے لیں جنہوں نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے کھلاڑی ایئن ہاروے پچیس رن بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ جمّی ماہیئر اور ڈیمین مارٹن صرف تین ہی رن بنا سکے۔ مائیکل بیون اور رکی پونٹنگ نے اس کارکردگی کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔ بیون نے سات چوکوں کی مدد سے چوراسی رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ مائیکل بیون کی شراکت اٹھہتّر رن کا اضافہ کرتے ہوئے پونٹنگ نے بھی سیریز میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور باون رن سکور کئے۔ آسٹریلیا کو کھیل کا دوسرا بڑا نقصان اس وقت ہوا جب بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈینیئل ویٹورس نے محض بیس رن دے کر پونٹنگ اور مائیکل کلارک کو آؤٹ کردیا۔ اگرچہ آسٹریلیا کو بیالیسویں اوور میں ایک سو چونسٹھ کے سکور پر سات کھلاڑیوں کا نقصان ہوچکا تھا تاہم بیون نے آخر تک جارحانہ انداز میں بیٹننگ کی۔ بیون نے بچل کے ساتھ مل کر آخری آٹھ اوور میں اکسٹھ رن کا اضافہ کیا اور بچل پندرہ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد کھیل کا پانسا آسٹریلیا کے حق میں پلٹ گیا اور نیوزی لینڈ کو اپنی اننگز کے آغاز پر مصیبت کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلوی کھلاڑی نیتھن بریکن نے ابتدائی دس اوور میں ہی کرس نیون کو دو اور لوؤ وینسینٹ کو محض بارہ رن پر ہی آؤٹ کردیا۔ آسٹریلیوی کھلاڑیوں ہاروے، بچل اور بریڈ ہوگ نے نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو اٹھاسی رن پر ہی ڈھیر کردیا۔ تاہم نیوزی لینڈ کے اسکاٹ سٹائرس نے اس موقع پر اپنی ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور چون رن بنائے لیکن آسٹریلوی بولر ہوگ نے کرس ہیرس کے ساتھ ان کی پچپن رن کی شراکت توڑ دی۔ کرس ہیرس نے اڑتیس رن بنائے۔ کھیل کے چھیالیسویں اوور میں دو کھلاڑیوں کے رن آؤٹ اور ایک اور وکٹ کے نقصان نے آسٹریلیا کی فتح یقینی بنا دی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||