| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ثقلین کو بدتمیزی کی سزا
پاکستانی اسپِنر ثقلین مشتاق پر ٹیم کے کوچ جاوید میانداد کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرنے کی وجہ سے پابندی عائد ہو سکتی ہے۔ ثقلین بدھ کو پاکستانی کرکٹ بورڈ ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے لاہور میں پیش ہونگے۔ میانداد اور ٹیم کے منیجر ہارون رشید نے شکایت کی ثقلین نے انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کے بعد فون کیا۔ میانداد کا کہنا ہے کہ ثقلین نے ان سے معافی مانگ لی ہے اور وہ بورڈ سے کہیں گے کہ ان کے خلاف زیادہ سخت کارروائی نہ کی جائے۔ میانداد نے خبر رساں ایجنسی رائٹرس کو بتایا ’ انہوں نے میرے پاس آکر اپنے روئے کے لئے معافی مانگی، اور کہا کہ انہوں ایسا صرف بے بسی میں کیا۔‘ میانداد نے مزید کہا ’میں نے ان کی معافی قبول کر لی ہے لیکن فیصلہ تو ڈسپلنری کمیٹی ہی کرے گی۔‘ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے قواعد کے مطابق اگر ثقلین پر بد تمیزی کا الزام ثابت ہوجاتا ہے تو ان پر پچاس ہزار روپے جرمانہ اور ملک کے تین اندرونی میچوں کے لئے پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔ ثقلین کو اس سال بنگلہ دیش کے خلاف ایک ٹیسٹ اور جنوبی افریقہ کے خلاف صرف ایک روزہ میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||